ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان) ضلع ڈیر ہ غازیخان میں 90ترقیاتی منصوبوں کی مشروط منظوری دے دی گئی ہے جن پر تقریبا 22کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے . منصوبوں کی منظوری ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم کی زیر صدارت ضلعی ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی . ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ گلیوں اور سڑکوں کے منصوبوں میں شروع اور اختتامی پوائنٹ سمیت دیگر تفصیلات تخمینہ میں شامل ہونی چاہئیں . دیگر متعلقہ محکموں سے این او سی بھی ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے تاکہ منصوبوں میں تکرار نہ ہو. ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ منصوبوں کے معیار اور مدت تکمیل پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا. جاری ترقیاتی منصوبوں کی کوالٹی چیک کرنے کیلئے وہ خود معائنہ کریں گے . ضلعی ترقیاتی کمیٹی نے جن ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی ان میں پرائم منسٹر ایس ڈی جیز پروگرام کے تحت سڑکوں کے 18منصوبے شامل ہیں جن میں منگڑوٹھہ تونسہ شریف روڈ کی بحالی ، وہوا روڈ تا گورنمنٹ پرائمری سکول یونین کونسل وہوا جنوبی ، گھاس منڈی تا وڈور پل ، مانہ احمدانی تا بستی قریشی ، انڈس ہائی وے تا بستی قاری شاہنواز ، کوٹلہ غلام پائیگاہ مائنر مغربی کنارہ تا بستی ارائیں یونین کونسل عالی والا ، انڈس ہائی وے تا بستی حسامہ سادات ، غوث آباد بستی ریکڑہ براستہ راج بہار مائنر ، بستی شمار والا شاہ والا یونین کونسل چھابری زیریں ، انڈس ہائی وے روڈ تا بستی سہرانی ، چوٹی معموری روڈ تا بستی وزیر خان چنگوانی ، بستی گبولاں تا بستی چوہان ، سفن کھوسہ تا بستی نور محمد رستمانی ، بیلہ روڈ تا بستی بھریا ، سخی سرور روڈ تا بستی غلام قادر ، حیدر ریگولیٹر تا بستی جت والا موضع چٹالہ ، شوریہ کینال تا کینال سٹی ، چٹ روڈ تا مانکہ کینال براستہ بستی ٹکرانی چانڈیہ شامل ہیں . اسی طرح گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول بستی عبدالرزاق سکول کی نئی عمارت تعمیر کی جائے گی جس پر 38لاکھ روپے کا تخمینہ لگایاگیاہے گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول گگو کو اپ گریڈ کیاجائے گا. عمارت کے تعمیراتی کام پر 40لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے . ضلعی ترقیاتی کمیٹی میں لوکل گورنمنٹ کے تحت نالی سولنگ اور ٹف ٹائلز کے 70منصوبوں کی بھی مشروط منظوری دی گئی جن پر 16کروڑ روپے کا تخمینہ لگایاگیا.اجلاس میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے تحت بغلانی واٹر سپلائی سکیم کی بحالی کی بھی منظوری دی گئی جن پر 20لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے. ڈپٹی کمشنر نے ایکسیئن کینال کو ہدایت کی کہ دو ماہ پہلے ڈی جی کینال پر ہونے والے شگاف کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ پیش کریں . انہوں نے کہا کہ ڈی جی کینال سمیت نہروں پر پانی چوری اور لفٹ پمپ لگانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے . اجلاس میں ایڈیشنل ٖڈپٹی کمشنر فنانس سرفراز مگسی ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ سہیل روف ، ایگزیکٹو انجینئرز جواد کلیم اللہ، بابر یزدانی ، وقاص جاوید ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد افضل ، اے ڈی ایل جی ملک محمد رمضان سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے .