ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان) ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت ڈویژن کی 14تحصیلوں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ضروری سٹاف تعینات کر کے تحصیل سطح کے دفاتر کو فنکشنل کر دیاگیاہے . سیکرٹریز اور سٹاف کی تنخواہ، پنشن سمیت دیگر واجبات کی فوری ادائیگی کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں . یونین کونسل سیکرٹریز کو پابند کر دیا گیاہے کہ وہ اپنے علاقوں میں جا کر پیدائش ، شادی ، طلاق ، اموات کی خود رجسٹریشن کریں گے جس کیلئے ٹور شیڈول جاری کر کے باقاعدہ تشہیر کی جائے گی . مساجد میں اعلانات کے ساتھ سا تھ معززین علاقہ کے سا تھ مل کر معلومات اکٹھی کرنا سیکرٹری کی ذمہ داری ہو گی . اندراج کی فیس معاف کر دی گئی ہے تاہم نادرا کا کمپیوٹرائزڈ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے پر صرف 100روپے دیئے جائیں گے . یہ بات ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈیرہ غازیخان ڈویژن اظہر حسین چانڈیہ نے ڈویژن بھر کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی . انہوں نے کہاکہ یونین کونسل کا ماہانہ ڈیٹا اپ ڈیٹ کیا جائے گا. دیہی علاقوں میں صفائی اور دیگر معاملات کی بہتری کیلئے یونین کونسل کو اختیارات دیئے گئے ہیں کہ وہ خاکروب بھرتی کریں جس کیلئے فزیبلٹی سٹڈی جاری ہے . انہوں نے کہاکہ یونین کونسل سیکرٹریز کمپیوٹرائزڈکے ساتھ مینوئل ریکارڈ بھی مرتب کریں گے . ہر شکایت کا جائزہ لے کر شکایت کنندہ کو ذاتی طو رپر سنا جائے گا . کوئی بھی اہلکار یا افسر براہ راست سیکرٹری سے خط وکتابت نہیں کرے گا . ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے کہاکہ عدالت میں جاری کیسز کی باقاعدہ پیروی کے ساتھ ساتھ ججز کے ریمارکس اور وکیلوں کی جرح کو بھی نوٹ کر کے افسران کورپورٹ دی جائے گی . اجلاس میں ڈویژنل کوآرڈینیٹر پنجاب کمشن آن سٹیٹس آف وومن تنزیل علوی ،ایکسیئن خرم عباس ، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد افضل ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعمت اللہ ، محمد یعقوب ، ریاض احمد ، ڈویژنل صدر سیکرٹری یونین کونسل علی رضا سمیت دیگر افسران موجود تھے .