لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے سیاسی مخالفین نے احمدیوں سے متعلق میرا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا ،میں نے احمدیوں کو کبھی مسلمان نہیں کہا اور نہ ہی آئین کے مطابق وہ مسلمان ہیں ۔پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین نے مجھ سے منسوب کر کے کہا کہ قادیانی غیر مسلم نہیں مسلمان ہیں ،میرا ختم نبوت پر واضح ایمان ہے ،یہ ایمان کا بنیادی جز ہے ،جو ختم نبوت پر یقین نہیں رکھتا دائرہ اسلام سے خارج ہو جاتا ہے اور اسی بنیاد پر احمدی بھی دائرہ اسلام سے خارج ہوئے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے آئین میں بھی احمدیوں کو غیر مسلم قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا ریاست ہمارے عیسائی ،ہندو یا سکھ بھائیوں کو مکمل مذہبی آزادی دیتی ہے لیکن احمدی کمیونٹی کو غیر مسلم اقلیت کے طور پر وہ رعائت نہیں دی جا سکتی اور اس پر علما کرائم بھی متفق ہیں کیونکہ احمدی خود کو غیر مسلم ڈکلیئر نہیں کرتے وہ خود کو مسلمان ظاہر کرتے ہیں اور اسلامی شعار پر بھی عمل کی کوشش کرتے ہیں اور اس کام کی انہیں اجازت نہیں ہے ۔رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ انہوں نے بیان دیا احمدیوں کو غیر مسلم اقلیت کے طور پر وہ رعائت حاصل نہیں جو دیگر غیر مسلموںکو ہے ،لیکن مخالفین نے اس بیان کو توڑ مروڑ کر مجھ سے یہ منسوب کردیا کہ میں احمدیوں کو غیر مسلم نہیں سمجھتا ۔ان کا کہنا تھا کہ ریاست نے احمدی کمیونٹی کے جان و مال کو ہمیشہ تحفظ فراہم کیا ہے ،انہیں بھی چاہیے آئین کو مانیں اور خود کو غیر مسلم اقلیت کے طور پر تسلیم کریں تاکہ انہیں بھی رعائت مل سکے ۔لیگی رہنما نے کہا کہ علما سے گزارش ہے کہ مذہب کے معاملے پر سیاست کرنے والے لوگوں پر نظر رکھیں اور ان کی نشاندہی کریں۔
source…
http://dailypakistan.com.pk/national/13-Oct-2017/658876