لیہ ( صبح پا کستان ) ضلعی پولیس نے قریب ڈیڑھ سال قبل گھر سے غائب ہونے والی کمسن ملازمہ نادیہ کو تلاش کرلیا ،والدین کی طرف سے 13سالہ نادیہ کے اغواء کا مقدمہ بھی درج تھا ،نادیہ کو جدیدطریقہ تفتیش استعمال کرتے ہوئے ٹریس کر کے کراچی سے برامد کیا گیا ، والدین بچھڑی ہوئی بچی سے مل کر خوشی سے نہال ، نادیہ کے بیان کے مطابق مقدمہ کی تفتیش کی جارہی ہے ایس ایچ او اشرف ماکلی ۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس نے ڈیڑھ سال قبل غائب ہونے والی لڑکی کا معمہ حل کردیا 05مرلہ سکیم لیہ کی رہائشی نادیہ بی بی جو کہ بھکر میں بطور گھریلو ملازمہ کام کرتی تھی گزشتہ برس بھکرسے غائب ہوگئی تاہم والدین کی طرف سے کمسن ملازمہ کے اغواء کا مقدمہ تھانہ سٹی لیہ میں درج کرایا گیا ڈی پی او لیہ نے مغویہ کو ٹریس اؤٹ کرنے کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دے رکھی تھی پولیس ٹیم کی محنت رنگ لے آئی اور نادیہ کو کراچی سے برآمد کرلیا گیا ایس ایچ او اشرف ماکلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نادیہ کو جدید طریقہ تفتیش کے ذریعہ ٹریس اؤٹ کیا گیا موبائل ڈیٹا سمیت مختلف آپشن استعمال کیے گئے انہوں نے کہا کہ نادیہ کے بیان کے مطابق والدین کی طرف سے درج کرائے گئے اغواء کے مقدمہ میں نامزد ملزمان نے اسے اغواء نہ کیا ہے نادیہ کے دیے گئے بیان کی روشنی میں مقدمہ کی تفتیش کی جارہی ہے جبکہ نادیہ کو اسکی مرضی کے مطابق والدین کے حوالے کردیا گیا ڈیڑھ سال سے بچھڑی اپنی بچی سے مل کر والدین خوشی سے نہال ہوگئے اور پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا ہے