ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان)ڈیرہ غازیخان ڈویژن کی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کو فعال کر دیاگیاہے .حکومت پنجاب کی طرف سے14رکنی بورڈ آف گورنرز کا چیئرمین رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالعلیم شاہ کو مقررکر دیاگیاہے جن کی زیر صدارت سرکٹ ہاوس ڈیرہ غازیخان میں تعارفی اجلاس منعقد ہوا . اجلاس میں میئر ڈی جی خان کارپوریشن شاہد حمید چانڈیہ ، ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ملک محمد نواز ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ سرفراز مگسی ، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ملک رفیق اعوان ، ایم پی اے سردار جاوید اختر لنڈ کے بھائی جمشید خان لنڈ ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر حسین چانڈیہ، ڈائریکٹر پی ایچ اے جواد کلیم ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ایچ اے سید اعجاز حسین بخاری سمیت دیگر متعلقہ اراکین موجود تھے . بورڈآف ڈائریکٹرز نے پی ایچ اے کے بائی لاز ، 80ملازمین کو گزشتہ دو ماہ کی تنخواہ ادا کرنے ، ایس این اے کے مطابق مزید سٹاف کی بھرتی ، مالی سال 2017-18کے بجٹ ، شہر کی 17یونین کونسلوں میں بل بورڈز کی تشہیر کا ایک سال کیلئے ٹھیکہ 64لاکھ روپے میں نیلام کرنے ، آفس کی عمارت کی تعمیر ، ضروری گا ڑیوں کی خریداری سمیت دیگر امور کی مشروط منظوری دی . چیئرمین پی ایچ اے ؍ ایم پی اے سید عبدالعلیم شاہ نے کہاکہ ڈیرہ غازیخان شہرمیں دو نئے پارک خیابان سرور اور چوک چورہٹہ سمیت چار پارکس کی بحالی کیلئے چھ منصوبے منظور کر لیے گئے ہیں جن پر چار کروڑ روپے خرچ ہوں گے . نواز شریف پارک میں فیملیز کیلئے اوقات شام سات بجے سے بڑھا کر دس بجے تک کیے جا رہے ہیں . سٹی پارک کا ایک حصہ بہتر کر کے خواتین کیلئے مختص کیا جائے گا. ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم نے گیدڑ والا بائی پاس کی تزئین و آرائش اور ملکی شناخت کے قابل بنانے کیلئے 90لاکھ روپے فراہم کر دیئے ہیں . چیئرمین سید عبدالعلیم شاہ نے کہاکہ ڈیرہ شہر کے اہم چوکوں کی تزئین و آرائش کیلئے 40لاکھ روپے خرچ کے جائیں گے . پی ایچ اے کے زیر انتظام آئندہ زمین کا تجزیہ کر کے سارا سال زندہ رہنے والے پودے لگائے جائیں گے اور اس مقصد کیلئے پی ایچ اے ایک ہزار سے زائد پھولوں کی نرسری بھی قائم کرنے جا رہا ہے او راکتوبر میں شہر کو پھولوں سے بھر دیاجائے گا. سید عبدالعلیم شاہ نے کہاکہ شہر کے وسط میں گزرنے والی مانکہ کینال کو خوبصورت کرنے کا منصوبہ بھی شامل کیا جارہاہے . اجلاس میں پی ایچ اے کے دیگر امور سے متعلق مشاورت کی گئی .