ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان)وفاقی وزیر مواصلات حافظ عبدالکریم نے کہا ہے کہ مظفرگڑھ تا ڈیرہ غازیخان دو رویہ سڑک کی تعمیر ایک ماہ کے اندر شروع کر دی جائے گی اور آٹھ ماہ کی ریکارڈ قلیل مدت میں منصوبہ کو مکمل کیا جائے گا. منصوبہ کا سنگ بنیاد وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف رکھیں گے . انہوں نے یہ بات سرکٹ ہاوس ڈیرہ غازیخان میں افسران اور منتخب نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی . اس موقع پر کمشنر احمد علی کمبوہ ، ایم پی اے سید عبدالعلیم شاہ، مشیر وزیراعلی پنجاب میر مرزا تالپور ، میئر شاہد حمید چانڈیہ ، ڈپٹی میئر شیخ اسرار احمد، جنرل منیجر پنجاب ساوتھ این ایچ اے تنویر اسحاق، ڈائریکٹر ڈیزائن ہیڈکوارٹر سلمان رضا، پراجیکٹ ڈائریکٹر راکھی گاج حفیظ اللہ بزذار، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیرہ غازیخان ملک عبدالرحمن ، اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹر راکھی گاج بواٹا فواد خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈیرہ غازیخان جاوید احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ملتان عون کلاچی ، چیئرمین یونین کونسلز سید عمران شاہ ، سرور صدیقی ، اقبال لغاری، ذوالقرنین نتکانی ، شاہد خان بغلانی ، ظفر طاہر مستوئی، حاجی محمد علی ، ذوالفقار بھٹی کے علاوہ نو رمحمد مون ، مرزا افضل اور دیگر متعلقہ افراد موجود تھے . وفاقی وزیر حافظ عبدالکریم نے کہاکہ سی پیک ڈیرہ غازیخان سے گزرے گااور آنے والے دنوں میں ڈیرہ غازیخان ملتان ترقی کا حب بنے گا. مظفرگڑھ تا ڈیرہ غازیخان دو رویہ سڑک کے ٹینڈر جاری کر دیئے گئے ہیں . دس روز کے اندر ڈیزائن اور دیگر کام فائنل کر لیاجائے گا. انہوں نے بتایا کہ یہ غلط تاثر کیا جارہاہے کہ ڈیرہ غازیخان میں ترقیاتی کام نہیں ہو رہے اور اس تاثر کو زائل کرنے کی لئے آئندہ ماہ ریکارڈ ترقیاتی کام ہوں گے. وفاقی وزیر نے کمشنر احمد علی کمبوہ کی تجویز پر ڈیرہ غازیخان شہر کے شمالی و جنوبی بائی پاس کی تعمیر کیلئے محکمہ این ایچ اے کو سروے کر کے تخمینہ لگانے کی ہدایات جاری کیں. وفاقی وزیر حافظ عبدالکریم نے بتایا کہ جون 2018تک لاہور سے ملتان ، پنڈی سے ڈیرہ اسماعیل خان ، سکھر سے ملتان ، گوجرہ سے ساہیوال تک موٹر وے کا افتتاح کر دیا جائیگا . منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے . 2013میں موٹر وے کی لمبائی 580کلومیٹر تھی جس کو اگلے سال جون 2018تک چار گنا کر دیاجائے گا . گوجرہ سے ملتان تک موٹر وے تعمیر کیا جارہاہے .شورکوٹ تک پہلے حصے کا افتتاح پانچ اپریل جبکہ ساہیوال تک دوسرے حصے کا افتتاح جون میں ہو گا . گزشتہ سال شروع کیے گئے لاہو رسے ملتان موٹر وے پر بھی کام کیاجارہا ہے . سکھر سے ملتان موٹر وے کی تعمیر کیلئے چارحصوں میں تقسیم کیاگیاہے اور پہلے دو حصوں کا افتتاح رواں مالی سال کے دوران کر لیا جائے گا. وفاقی وزیر نے بتایاکہ شاہراہ قراقرم پر بھی تیز رفتاری سے کام کیا جارہاہے . کراچی سے حیدر آباد موٹر وے کا افتتاح اس سال کے آخر تک کر دیاجائے گا .
رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالعلیم شاہ نے کہاکہ ڈیرہ غازیخان مظفرگڑھ دو رویہ سڑک کے منصوبے پر 13ارب روپے کا تخمینہ لگایاگیاہے اور تمام فنڈز فراہم کر دیئے گئے ہیں . غازیگھاٹ پر نئے پل محکمہ این ایچ اے تعمیر کرے گا. ڈیرہ غازیخان شہر میں دو بائی پاس تعمیر کیے جائیں گے . ایک تونسہ سے کوئٹہ روڈ دوسرا شوریہ سے کوئٹہ روڈ تک تعمیر کیا جائے گا. انہوں نے بتایاکہ 23ارب روپے سے راکھی گاج تا بواٹا روڈ تعمیر کیاجارہاہے جس میں پہاڑوں کو کاٹ کر ایک کلومیٹر طویل سٹیل پل بھی شامل ہے . منصوبہ کی افادیت میں مزید اضافہ ہو گا جب مظفرگڑھ ڈیرہ غازیخان روڈ کی تعمیر مکمل ہو گی .