ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان)صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان کا اچانک معائنہ کیا . سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ ، کمشنر احمد علی کمبوہ ، پرنسپل میڈیکل کالج ڈاکٹر سعید احمد ، ایم ایس ڈاکٹر عتیق الرحمن چشتی ، اے پی ایم او ڈاکٹر حامد حیات ، ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر خالد تحسین، ڈاکٹر قاسم ملک ، ایس ای پراونشل بلڈنگزحافظ جاویداقبال ، ایکسیئن ہمایوں مسرورسمیت مسلم لیگی رہنما طاہر بلال طو راور دیگر متعلقہ افراد موجود تھے . صوبائی وزیر نے ایمرجنسی وارڈ کی فارمیسی اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا . داخل مریضوں سے فراہم سہولیات کے بارے میں استفسار کے ساتھ ساتھ صفائی کی صورتحال کا جائز ہ لیا. واش رومز میں جا کر پانی کی موجودگی چیک کی . فلش ٹینکی میں پانی موجود نہ ہونے اور مردوخواتین کیلئے علیحدہ واش رومز کی نیم پلیٹ آویزاں نہ ہونے پر برہمی کااظہار کیا . صوبائی وزیر نے زیر تعمیر 350بستروں کے توسیعی بلاک کا بھی معائنہ کیا . اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق ، سیکرٹری نجم احمد شاہ نے ٹیچنگ ہسپتال کے تعمیراتی کام کی تکمیل کیلئے 31دسمبر2017 ، ایچ وی اے سی سسٹم ، جنریٹر اور دیگر مشینری کی تنصیب کیلئے 31جنوری 2018تک کی ڈیڈ لائن دی . میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ٹیچنگ ہسپتال کیلئے مختص فنڈز کے علاوہ مزید 40کروڑ روپے فوری طو رپر جاری کرنے ، ضرورت پڑنے پر مزید فنڈز بھی دیئے جائیں گے . انہوں نے کہاکہ ٹیچنگ ہسپتال میں برن یونٹ شامل ہے تعمیراتی او راپ گریڈیشن کا کام مرحلہ وار مکمل کیاجائے گا. صوبائی وزیر نے کہاکہ رواں مالی سال کے اختتام پر جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں وفاقی حکومت کے تعاون سے ہیلتھ انشورنس کارڈکا اجراء مکمل کر لیا جائے گا. صوبہ کے تمام بی ایچ یوز ، دیہی مراکز صحت اور تحصیل صدر ہسپتالوں کو اپ گریڈ کر کے ٹیچنگ ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم کیا جائے گا . صوبائی وزیر اور سیکرٹری ہیلتھ نے ٹیچنگ ہسپتال کے جاری تعمیراتی کام کی نگرانی کیلئے پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی او رپی ایم یو کے قیام کیلئے بھی ہدایات جاری کیں . ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ڈیرہ میں تھیلیسما کے مریضوں کیلئے بھی کام کیا جائے گا. صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب حکومت کی ترجیح ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام پر تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جائے. علاوہ ازیں صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق ، سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ ، کمشنر احمد علی کمبوہ نے سرکٹ ہاوس میں ٹیچنگ ہسپتال کے تعمیراتی کام سے متعلق اجلاس منعقد کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں.