لیہ (صبح پا کستان) ملک بھر کی طرح ضلع لیہ میں بھی یوم آزادی شایان شان اور ملی جوش و کے جذبہ کے ساتھ منایا گیا۔اس سلسلہ میں مرکزی تقریب ڈی پی ایس گرلز ونگ میں ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ کی زیر صدارت منعقدہوئی۔تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری اشفاق احمد،سابق صوبائی وزیر ملک احمد علی اولکھ،چیئرمین ضلع کونسل ملک عمر علی اولکھ،چیئرمین ایم سی حافظ محمدجمیل،ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ،ڈی پی او محمد علی ضیاء،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز محبوب احمدو نعیم اللہ بھٹی،اسسٹنٹ کمشنر عابد کلیار،ڈی ایم او عثمان منیر بخاری،ضلعی افسران ،پرنسپل صاحبان،اساتذہ کرام ،صدر انجمن تاجران،میڈیا نمائندگان اور طلبہ کی بڑی تعداد موجو د تھی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ اور ڈی پی او محمد علی ضیاء نے پرچم کشائی کی اور پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔تقریب میں طلبہ نے تقاریر ،ملی نغمے اور خاکے پیش کیے۔ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے اورپاکستان کسی فردوس بریں سے کم نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حصول کے وقت مساوات اور انصاف کا نعرہ لگایا گیااور آج ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے وقت انصاف سے کام لیں گے اور اقلیتوں کے حقوق کا بھی بھر پور خیال رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنجز کا لامتناہی سلسلہ ہے اور ہم سب کو خصوصاًطلبہ کو علم کی بدولت وطن عزیز بام عروج تک پہنچانے کے لیے کردار اداکر ناہوگا۔ڈی سی نے اس موقع پر عرض پاک کے لیے جان کا نذرانہ پیش کر نے والے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی حاصل کرنا اور اس کو برقرار رکھنا ایک جہدمسلسل کا نام ہے اور اس سلسلہ میں ہر شہری کا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں لسانیت اور فرقہ پرستی سے نکل کر پاکستانی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔تقریب سے ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری اشفاق احمد،چیئرمین ضلع کونسل ملک عمر علی اولکھ،چیئرمین ایم سی حافظ محمد جمیل نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے حصول کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے جو قربانیاں دی ہیں وہ بہت درد ناک ہیں ۔انہوں نے کہاہے کہ ہمارے اسلاف نے خون کا دریا عبور کرکے پاکستان بنایا اور اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس کی حفاظت کریں اور اس کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کریں ۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے بیسٹ پرفارمنس کے حامل اساتذہ ،ڈاکٹرز اور طلبہ میں تعریفی سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے۔دریں اثناء ضلع کی تحصیلوں کروڑ لعل عیسن،چوبارہ،چوک اعظم ،فتح پور میں بھی تقاریب میں منعقد کی گئیں۔جن میں پرچم کشائی ،ملی نغمے اور تقاریر کی گئی جن میں آزادی کی قربانیوں کے حوالے شرکاء کو آگاہی دی گی۔بعدازاں ایم پی اے سردار قیصر عباس خان مگسی کی قیاد ت میں آزادی ریلی نکالی گئی۔ یوم آزادی کے موقع پر دارالامان میں انچارج صائمہ سیماب اور ممبر ایڈوائزری کمیٹی چوہدری رضوان احمد نے پرچم کشائی کئی اور خواتین میں مٹھائی اور بچو ں میں تحائف تقسیم کیے گئے۔اسی طرح ریسکیو1122اسٹیشن پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر سجاد احمد نے پرچم کشائی کی او رآزادی کیک کاٹا گیا۔