حج سکیم 2017 … بہترین سہولیات کی فراہمی کا حکومتی عزم
تحریر . محمد جنید جتوئی. انفارمیشن آفیسر
حج دین اسلام کا پانچواں اہم رکن ہے او رہر صاحب استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے . اس عبادت کی اہمیت کے پیش نظر اللہ تعالی نے قرآن کریم کی مختلف آیات میں اس کی اہمیت کو اجاگر کیا. نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بے شمار احادیث میں حج کی فضلیت او رانعام کا تذکرہ موجود ہے . حضرت ابراہیم علیہ السلام نے حکم خداوندی کے مطابق بیت اللہ کی تعمیر شروع کی اور تعمیر کے بعد اللہ تعالی نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو حکم دیا کہ وہ اعلان حج کریں . اس اعلان کے بعد بیت اللہ شریف کی عمارت کے گرد حج کا آغاز ہوا . ہر مسلمان کی دلی خواہش ہوتی ہے کہ وہ بیت اللہ کا طواف کر کے حج کی سعادت حاصل کرے تاہم بہت سے لوگ مالی اسباب ہونے کے باوجود حج کی سعادت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوتے . اللہ تعالی کی طرف سے بلاوا آنے پر حج بیت اللہ کی سعادت حاصل ہوتی ہے .
مناسک حج بہتر طو رپر ادا کرنے کیلئے سرکاری حج سکیم 2017کے تحت 107526افراد کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے . ضلع ڈیرہ غازیخان سے تعلق رکھنے والے 500افرا د کیلئے مرحلہ وار تربیتی سیشن کا آغاز کیاگیا. تحصیل تونسہ کے بعد ڈی جی خان آرٹس کونسل میں ڈیرہ اور کوٹ چھٹہ تحصیلوں کے 439مردوخواتین کی تربیت کی گئی . تربیتی سیشن کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میاں محمد اقبال مظہر مہار نے کی . تربیت کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے ساتھ ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا . احرام سمیت دیگر اشیاء کے خصوصی سٹالز اور میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیاگیا. حج فلائٹ کا سلسلہ 24جولائی سے شروع ہو گا جو تقریبا ایک ماہ تک جاری رہے گا . ملتان ، اسلام آباد ، کراچی ، لاہور ، پشاور ، کوئٹہ ، سیالکوٹ ، فیصل آباد ، رحیم یار خان اور سکھر سے پی آئی اے ، شاہین ایئرلائنز ، سعودی ایئر لائنز اور ایئر بلیو حاجیوں کو لے کر مقدس مقامات کی طرف روانہ ہوں گی. اس سے قبل حج انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے وزارت داخلہ ، وزارت حج اور وزارت تجارت کے افسران پر مشتمل تین رکنی کمیٹی سعودی عرب کا دورہ کر چکی ہے . اس سال 178526 عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے جن میں 107526سرکاری جبکہ 71000پرائیویٹ سکیم کے تحت حج کی سعادت حاصل کریں گے . پرائیویٹ سکیم کے تحت حج کی خواہش رکھنے والے افراد کو وزارت مذہبی امو رکی طرف سے ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی طرف سے منظور شدہ ٹور آپریٹرز کے ذریعے بکنگ کرائیں جن کی فہرست www.hajinfo.orgپر موجود ہے . غیر قانونی بکنگ کرنے والوں کی متعلقہ تھانوں کو اطلاع کی جائے.
حج پر جانے والے تمام افراد کو حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کرایاجائے گا. سرکاری حج سکیم کے تحت تمام حج ڈائریکٹوریٹ میں ویکسی نیشن مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں او ر17جولائی سے آخری حج پرواز کی روانگی تک حاجیوں کی گردن توڑ بخار اور فلو کی ویکسی نیشن کے ساتھ انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے اور باقاعدہ سر ٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا جو سعودی عرب داخلے کے وقت پیش کیا جائے گا. پرائیویٹ سکیم کے تحت حج پر جانے والوں کیلئے ویکسی نیشن حاجی کیمپ میں کی جائے گی .سعودی وزارت کی طرف سے سعودی عرب میں ایئر پورٹ پر تمام حاجیوں کو دوبارہ قطرے پلائے جائیں گے . حکومت کی طرف سے پرائیویٹ حج سکیم کے تحت ٹورآپریٹرز سے 400ریال فی حاجی بطور ضمانت رقم طلب کر لی گئی ہے . حکومت اس رقم سے حاجیوں کو مناسب ٹرانسپورٹ ،رہائش ، کھانا اور دیگر انتظامات کو یقینی بنائے گی.
حکومت کی طرف سے اس سال حاجیوں کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی جن میں 50فیصد عازمین مدینہ منورہ اور 50فیصد مکہ مکرمہ جائیں گے ان کیلئے حرم پاک اور مسجد نبوی کے قریب رہائش گاہیں لے لی گئی ہیں . تمام عازمین حج کیلئے نئی ایئر کنڈیشنڈ بسوں کا انتظام کیاگیا. ناشتہ اور دو وقت کا کھانا سرکاری خرچ پر دیا جائے گا. ایئر پورٹ پر حاجیوں کو درپیش مشکلات دور کرنے کیلئے ایکسپریس کلیرنس کا بھی اہتمام کیاگیاہے . حاجیوں کیلئے معیاری خوراک کے علاوہ فلٹر شدہ پانی اور فائر پروف خیمے فراہم کیے جائیں گے. مدینہ ، مزدلفہ اور منا میں معذور افرا دکیلئے علیحدہ واش رومز بنائے جائیں گے.
ڈی جی خان آرٹس کونسل میں تربیتی سیشن کے دوران اس بات پر زور دیاگیا کہ عازمین حج پاکستان کے سفیر بن کر جا رہے ہیں . پاکستان اور سعودی عرب کے قواعد و ضوابط کا خیال رکھا جائے . ممنوعہ اشیاء اور کسی اجنبی کاسامان ساتھ لے کر نہ جائیں . سفری و ضروری دستاویزات ساتھ رکھیں . مقدس فریضہ کی انجام دہی کے دوران ملک و قوم کی سلامتی او رخوشالی کیلئے دعا کی جائے کہ اللہ تعالی ہر مسلمان کو بیت اللہ کی زیارت کا موقع عطا فرمائے . ( آمین )