ملتان(صبح پا کستان )سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے پانچ سال کی مدت ختم، ملتان کینٹ کے جیالوں کا ڈھول کی تھاپ پر رقص اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف خط نہ لکھنے پر 2012میں توہین عدالت قرار دیتے ہوئے30سکینڈ کی سزا دی گئی تھی جس پر وہ پانچ سال کیلئے الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار دئیے گئے۔ یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کی مدت مکمل ہونے پر ملتان کینٹ کے جیالوں نے جشن منایا۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔اس موقع پر ملتان کینٹ کے جیالوں نے یوسف رضا گیلانی کے حق میں نعرے لگائے اور گونوازگو کے نعرے بھی لگائے۔ پاکستان پیپلزپارٹی ملتان کینٹ کے رہنما ؤں عبدالحق خان، ظفر بٹ کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی پر سیاسی ججوں نے پانچ سال کی پابندی لگا کر ناانصافی کی تھی جبکہ صدر پاکستان کو استثنیٰ حاصل تھا اس لیے خط نہیں لکھا جس پر عدالت نے انہیں بغیر کسی جرم کی سزا سنائی۔اس موقع پر رہنما پیپلزپارٹی کاشف وارثی کا بھی کہنا تھا کہ ملتان کینٹ کو پاکستان پیپلزپارٹی کا گڑھ بناکردم لیں گے اور آئندہ آنے والے حکومت انشاء اللہ پاکستان پیپلزپارٹی کی ہوگی۔ اس موقع پر محبوب عالم، وقاص خان، طاہر عباس جوئیہ، اجمل خان، سلیم خان، شفقت حسین ، راشد موٹااور دیگرشریک تھے۔