ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان).ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے منتخب حلقوں میں بجلی ، روڈز اور میونسپل سیکٹر کے 675ترقیاتی منصوبوں کی مشروط منظوری دے دی گئی ہے جن پر تقریبا 87کروڑ 50لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے . منصوبوں کی منظوری کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن اللہ رکھا انجم کی زیر صدارت ڈویژنل عملدرآمد اور رابطہ کمیٹی (ڈی آئی سی سی) کے اجلاس میں دی گئی . کمشنر اللہ رکھا انجم نے اہم محکموں کے سربراہان کی طرف سے اجلاس میں عدم شرکت پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے آئندہ ممبران کی عدم موجودگی پر تحریری وجوہات اور پیشگی منظوری لینا ہو گی . غیر حاضری پر متعلقہ اتھارٹی کو کارروائی کیلئے سفارشات ارسال کی جائیں گی. کمشنر نے کہاکہ وزیر اعظم کے ایس ڈی جیز پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبے جون تک مکمل کیے جائیں تاخیری حربے استعمال کرنے والے ٹھیکیدار وں کو بلیک لسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر کارروائی عمل میں لائی جائے. انہوں نے میپکو آپریشن کی طرف سے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور آئندہ اجلاس میں ایس ای کو خود شریک ہونے کی ہدایت کی .اجلاس میں ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے دس قومی حلقوں میں ایس ڈی جیز پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت 601ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی جن پر تقریبا ساڑھے 62کروڑ روپے کا تخمینہ لگایاگیاہے . ان منصوبوں میں بجلی کے 433 ، میونسپل سیکٹر کے 137اور روڈز کی 30سکیموں کے علاوہ سوشل سیکٹر کی ایک سکیم شامل ہے . علاوہ ازیں ضلع ڈیرہ غازیخان ، راجن پور اور مظفرگڑھ میں منتخب اراکین اسمبلی کی 74ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی جن پر 25کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے . اجلاس کو بتایاگیاکہ ایس ڈی جیز پروگرام کے پہلے مرحلے کے تحت ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں 941ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کی گئی جن میں سے ایک ارب 92کروڑروپے لاگت کی 830سکیموں کی منظوری دی گئی . اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لیہ سید واجد علی شاہ ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ و فنانس ڈاکٹر شعیب طارق وڑائچ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس وسیم اختر جتوئی ، ڈپٹی میئر شیخ اسرار احمد ، ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ خالد بخاری کے علاوہ غلام نبی ، فاروق احمد تالپور ، خالدہ شاہین ، خرم عباس ، سہیل روف ، ملک محمد رمضان ، نعمت اللہ ، سلیم شاہد ، افتخار احمد ، محمد علی ، محمد زین کلیم ، فرقان زکریا ، اسد رضا ، شہزاد مگسی ، غلام ہاشم ، شیراز غفور ، نذیر احمد ، عمیر قاسم ، محمد اسلم ، عبدالوحید ، عرفان انجم ، محمد یوسف سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک تھے .