لیہ( صبح پا کستان ) کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کے تحت 3500ملزمان کا ڈیٹا مرتب ، ملزمان کا ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے۔ سسٹم مکمل کمپیوٹرائزڈ ہونے کے ساتھ ساتھ نادرا کے ساتھ لنک ہے۔ پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء۔ تفصیلات کے مطابق، ڈی پی اولیہ نے کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس میں تفتیش کے پرانے اور فرسودہ نظام میں تبدیلی کے لئے بھر پور اصلاحات کی جارہی ہیں۔ عصر حاضر کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے اور ITکے شعبہ میں بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ استعداد کار میں بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کے تحت گرفتار ملزمان کا ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کیا جارہا ہے۔ جس میں ملزم کے کوائف سمیت حلیہ،طریقہ واردات، شریک جرم، رشتہ داران کے اندراج کے ساتھ ساتھ ملزم کی فوٹو گرافی اور فنگر پرنٹ کا ڈیٹا ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ انہوں کہا کہ اب تک ضلع کے تھانہ جات پر مختلف نوعیت کے مقدمات میں گرفتا ر 3500ملزمان کا ڈیٹا مرتب کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سسٹم مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ ہونے کے ساتھ ساتھ نادرا کے ساتھ بھی لنک ہے اور آن لائن ہے۔ کسی بھی ملزم کو فنگر ڈیوائس سے اس کے سابقہ ریکارڈ کو پڑتال کیا جاسکتا ہے۔ جبکہ یہ سسٹم مجرمان اشہاری کی گرفتاری کے لیے بھی سود مند ہے۔