لیہ(صبح پا کستان) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس، تحصیل لیہ میں گندم خریداری کا ٹارگٹ کم کرنے پر پنجاب حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بڑھانے کا مطالبہ کر دیا،پی ٹی آئی تحصیل لیہ کے جنرل سیکرٹری سمیع اللہ گرواں نے ساتھیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت کسانوں کے او پر ظلم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے، کسان پس رہا ہے اور حکومت ترقی کے ڈھونگ پیٹ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امسال پنجاب حکومت نے پاسکو کی خریداری کا ٹارگٹ دس لاکھ سے کم کر کے چھ لاکھ کر دیاہے جو کاشتکاروں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ باردانہ کی منصفانہ تقسیم کے لئے پاسکو مراکز پر کمیٹی میں ممبران اسمبلی اور چیئر مین کے نمائندوں کے ساتھ اپوزیشن کے نمائندے بھی شامل کئے جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر تحصیل لیہ کا خریداری ٹارگٹ دس لاکھ نہ کیا گیا تو ہر خریداری مراکز پر تحریک انصاف بھر پور احتجا ج کرتے ہوئے سنٹرز بند کر دے گی۔پی ٹی آئی رہنماؤں نے مردان یونیورسٹی میں نوجوان کو بے رحمی سے قتل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان نے ملزموں کو کٹہرے میں لا کر واضح پیغام دیا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ اس موقع پر چوہدری بلال لطیف گجر، انعام اللہ خان، ظہور عباس کلاچی، غلام السیدان ایڈووکیٹ ، ملک محمد ناصر، صدر پی ٹی آئی لائرز ونگ رانا فیصل مسعود بھی موجود تھے۔