ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان)ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازیخان نے پیپرز کی تیاری ، امتحانات کے انعقاد اور رزلٹ کی ترسیل تک شفافیت برقرار رکھتے ہوئے صوبہ بھر میں نمایاں ساکھ پیدا کی ہے جسے مزید بہتر کیاجائے گا. یہ بات کنٹرولر بورڈ چودھری مشتاق علی خان ، ڈپٹی کنٹرولر شیخ امجد حسین اور دیگر نے بورڈ کے آڈیٹوریم میں امتحانی نظام سے متعلق آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی. سیمینار میں سیکرٹری بورڈ راؤ شاہد محمود ، انفارمیشن آفیسر محمد جنید جتوئی ، وقار عظیم ، بلال بھٹہ ، احمد رزاق کے علاوہ بورڈ ملازمین ، اساتذہ اور طالبات موجودتھیں . شیخ امجد حسین نے ملٹی میڈیا کے ذریعے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ غیر جانبدار ماہرین تعلیم کا مختلف فورم کے ذریعے انتخاب کر کے پیپر تیار کرائے جاتے ہیں اور اس عمل کو خفیہ اور شفاف رکھا جاتا ہے . ڈویژن بھر میں امتحانی سنٹرز کا قیام اور غیر جانبدار نگران عملہ کی تعیناتی ، پر امن امتحانی ماحول ، پیپرمارکنگ ، رزلٹ کی تیاری و اعلان ، رزلٹ کارڈز کی ترسیل سمیت تمام مراحل کو خفیہ اور شفاف رکھا جاتاہے حتی کہ بورڈ کے غیر متعلقہ افسران کی بھی دسترس نہیں ہوتی . شیخ امجد حسین نے طالبات کو بتایا کہ بورڈ انتظامیہ کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ طلباؤطالبات کو امتحانی مراکز میں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں . حکومت پنجاب کی ہدایت پر بورڈ میں سہولت سنٹر بھی قائم کیاگیاہے. ون ونڈو آپریشن کے تحت این او سی ، ڈوپلیکیٹ رزلٹ کارڈ ، مائیگریشن ، انکوائریز اور دیگر معلومات 30منٹ کے اندر فراہم کرنے کیلئے اقدامات کیے جاتے ہیں . شیخ امجد حسین نے بتایا کہ چھ مئی سے شروع ہونے والے انٹر میڈیٹ امتحان کیلئے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں . رولنمبر سلپس کی ترسیل ایک ہفتے کے اندر یقینی بنائی جائے گی . انہوں نے اساتذہ اور طلبہ کے سوالوں کے بھی جواب دیئے . قبل ازیں ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر میاں خالد محمود نے ڈینگی سے متعلق آگاہی لیکچر دیا.