لیہ (صبح پا کستان) ضلع لیہ میں14ارب 86کروڑ روپے کی لاگت سے 322ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ضلع بھر میں سماجی سہولیات کی بھر پور فراہمی کی جانب اہم سنگ میل ثابت ہوگا اس لیے متعلقہ ادارئے مستعدی و لگن سے خدمات سرانجام دیں۔یہ بات ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ فیض الحسن سواگ نے ترقیاتی منصوبوں کے جائز ہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ممبر صوبائی اسمبلی سردار قیصرعباس خان مگسی ،ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ،چیئرمین ضلع کونسل ملک عمر علی اولکھ،ڈی پی او کیپٹن (ر)محمدعلی ضیاء،چیئرمین ایم سی لیہ حافظ محمد جمیل،چیئرمین ایم سی فتح پور اظہار حسین کاہلوں،ملک عبدالشکور سواگ موجود تھے۔اجلاس میں اے ڈی سی آر نعیم اللہ بھٹی،اے ڈی سی جی محبوب احمد،سی ای او صحت ڈاکٹر امیر عبداللہ سامٹیہ،ایکسیئن بلڈنگ محمد ارشد، ایس ڈی او سجاد حسین ،اے ڈی ایل جی یوسف کلیم ،ایکسین انہارطارق عزیزکے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران ڈی او پلاننگ عرفان انجم نے تجویز کردہ منصوبوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ تھل کینال ری ماڈلنگ 2ارب روپے کی لاگت سے ،ایم ایم روڈ کی توسیع 5ارب روپے کی لاگت سے ،بہادر سب کیمپس کی اپ گریڈیشن ایک ارب پچاس کروڑ کی لاگت سے ،لیہ تا نواں کوٹ ایک ارب 80کروڑ کی لاگت سے ،میڈیکل کالج کے قیام کا منصوبہ ایک ارب پچاس کروڑ کی لاگت سے ،اربن سیوریج سکیم لیہ سٹی ایک ارب 68کروڑ روپے کی لاگت سے ،فلڈ بند بھکر تا کروڑ 80کروڑ روپے کی لاگت سے ،بوائز ڈگری کالج لدھانہ کی تعمیر کا منصوبہ 45کروڑ روپے اور نشیبی علاقوں کی بحالی کے منصوبوں پر 68کروڑ روپے کی لاگت سے ایسے مجوزہ میگا پراجیکٹس شامل ہیں۔اس طرح انہوں نے ممبران اسمبلی کی 40کروڑ روپے کی لاگت سے بجلی و گیس کی فراہمی ،سوشل سیکٹر ومیونسپل سیکٹر میں بہترفراہمی کے منصوبے اور بلڈنگز کے 212ترقیاتی منصوبوں کے بار ے میں کام کی رفتار و فنڈز کے استعمال کے سلسلہ میں بریفنگ دی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے ترقیاتی محکموں کے سربراہان سے منصوبوں کے بارے میں استفسارات کیے ۔جس پر انہوں نے کام کے بارے میں آگاہی دی۔صاحبزادہ فیض الحسن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی حکومت پنجاب کا ضلع لیہ کی عوام کے لیے تعمیر و ترقی کے سلسلہ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے اور ان کی تکمیل سے ضلع لیہ ترقی یافتہ علاقوں کی صف میں شامل ہونے کی جانب بڑھے گا۔ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے اجلا س میں متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبو ں کی بروقت تکمیل ،شجرکاری کے فروغ اور صحت کی سہولیات کے لیے کسی قسم کی کوتاہی کیے بغیر مستعدی و لگن سے خدمات سرانجام دیں ۔