ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان ) سردار کوڑے خان ٹرسٹ کے 80ہزار کنال رقبہ واگزار کرانے اور کاشتہ فصل نیلام کرنے سمیت اٹھائی گئی فصلوں کے واجبات کی ریکوری کرنے کیلئے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں . یہ احکامات کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن اللہ رکھا انجم نے سردار کوڑے خان ٹرسٹ منیجمنٹ کمیٹی کے اراکین اور متعلقہ افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیے. کمشنر اللہ رکھا انجم نے کہاکہ سردار کوڑے خان نے ہزاروں ایکڑ رقبہ ٹرسٹ کیلئے وقف کیا. ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سردار کوڑے خان کی مزار کی تزئین وآرائش ، مسجد اور مدرسہ قائم کر کے قرآن خوانی کے علاوہ ٹرسٹ کی زمین پر مکینوں کیلئے دستکاری سنٹر قائم کرنے ، مستحق ویتیم بچیوں کی اجتماعی شادیوں سمیت دیگر فلاحی کام کیلئے تجاویز پیش کریں تاکہ سردار کوڑے خان کے ایصال ثواب کیلئے کردارادا کیاجاسکے . کمشنر اللہ رکھا انجم نے کہاکہ ٹرسٹ کے رقبہ پر ناجائز کاشتہ فصل کی نیلامی کیلئے ایک روز کے اندر اشتہار دینے ، علاقہ میں منادی کرنے ، مساجد میں اعلانات ، کیبل اور دیگر ذرائع سے تشہیر کی جائے تاوان سمیت اٹھائی گئی فصلوں کے واجبات کی وصولی ، رقبہ کی وا گزاری اور دیگر معلومات کیلئے قانونی ماہرین اور متعلقہ افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے. کمشنر اللہ رکھا انجم نے کہاکہ ٹرسٹ کے رقبہ پر ناجائز تعمیرات مسمار کر دی جائیں اور اس سلسلے میں محکمہ ریونیو حد بندی دو روز کے اندرمکمل کرے .ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سیف انور اور منیجمنٹ کمپنی نے بتایاکہ سردار کوڑے خان کے مزار کیلئے پانچ کنال رقبہ مختص کیاگیا تھا . تجاوزات کرتے ہوئے اب مزار صرف ایک کمرے تک محدود ہو گیاہے . سردار کوڑے خان ٹرسٹ کا دس ہزار کنال رقبہ تحصیل راجن پو رکی حدود میں بھی موجود ہے . ضلع مظفرگڑھ کی ہر تحصیل میں سردار کوڑے خان ٹرسٹ کے نام سے تعلیمی ادارے کام کر رہے ہیں اور ٹرسٹ کا زیادہ تر پیسہ تعلیمی اداروں پر خرچ ہوتا ہے . ٹرسٹ کے 415لاٹس میں سے 250سے زائد لاٹس کے الاٹیوں سے وصولی کیلئے مستاجروں کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں موجودہ فصل پر سو فیصد وصولی کو یقینی بنایا جائے گا. اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ ڈیرہ غازیخان و مظفرگڑھ بالترتیب سرفراز مگسی ، شہزاد مگسی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہرحسین چانڈیہ ، اسسٹنٹ کمشنرجنرل محمد اسد ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو سیف الرحمن ، اسسٹنٹ کمشنر جام پو رقمرالزمان قیصرانی ، اسسٹنٹ کمشنر جتوئی اورنگزیب ، پرنسپل ڈاکٹر شہاب الدین ، ڈی ایس پیز محمد آصف رشید ، اسحاق حسین ، تحصیلدار جام پور احمد حسن ، لائن سپرنٹنڈنٹ محمد رفیق ، لاء آفیسر محمد انور خان ، ، اے ڈی ایل جی ملک محمد رمضان سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے .