اسلام آباد (مانیٹرننگ ڈیسک ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے حج کرپشن کیس کے مرکزی ملزم ملتان سے پی پی پی کے سابق رکن اسمبلی سابق وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کو بری کر دیا ۔
ڈیلی پاکستان آن لائن کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے سپیشل جج سینٹرل کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حج کرپشن کیس میں ملوث پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کو باعزت بری کرنے کا حکم سنا دیا ، عدالت نےکرپشن کیس میں ملوث سابق ڈائریکٹر جنرل حج راﺅ شکیل اور آفتاب الاسلام کو بھی بری کر دیا ۔
حج کرپشن کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی جہاں جسٹس محسن اخترکیانی نے وکلاءکے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا ۔
یا د رہے سپیشل جج سینٹرل نے حج کرپشن کیس میں سابق وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کو 14سال قید کی سزا سنائی تھی جسے انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا جہاں آج عدالت نے انکے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے حامد سعید کاظمی کی اپیل پر 15روز میں کیس کو نمٹانے کی ہدایت کر دی ۔