لیہ (صبح پا کستان) صوبہ بھر کے 16پسماندہ اضلاع میں خادم پنجاب زیور تعلیم پروگرام کے تحت 4لاکھ سے زائد طالبات کو چھ ارب روپے کے خدمت کارڈ کے اجراء کا آغاز کردیا گیا ۔ضلع لیہ میں اس پروگرام کے تحت 25ہزار سے زائد طالبات کو خدمت کارڈ جاری کیے جائیں گے ۔اس سلسلہ میں ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ویڈیو لنک کانفرنس کا خصوصی اہتمام کیا گیا ۔جس میں طالبات کے والدین ،ڈپٹی کمشنر واجدعلی شاہ،چیئرمین ضلع کونسل ملک عمر علی اولکھ ،چیئرمین تحصیل میونسپل کمیٹی حافظ محمد جمیل،چیف ایگزیکٹوآفیسر ایجوکیشن اتھارٹی خالدہ شاہین ،ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر عثمان منیر بخاری ،فوکل پرسن خدمت کارڈ راشدہ اشرف اور میڈیا نمائندگان موجودتھے۔طالبات نے پوری تقریب خصوصاًوزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کاخطاب انتہائی انہماک سے سنا ۔وزیر اعلی نے جب تقریر کے دوران محنت ،لگن اور شو ق سے علم حاصل کرنے کا استفسار کیا تو کانفرنس روم میں موجود طالبات نے پرجوش انداز میں اثبات میں جواب دیا۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے خدمت کارڈ حاصل کرنے والی طالبات سے کارڈ کی اہمیت وافادیت اور مستقبل کے پلان کے حوالہ سے سوالات پوچھے جس پر سبھی طالبات نے پڑھ لکھ کر سچا انسان اور ملک کی خدمت کرنے کا عزم ظاہر کیا۔اس موقع پر طالبات کے والدین نے بھی وزیر اعلی پنجاب کے اس اقدامات کو سہرایااور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔بعدا زاں ڈپٹی کمشنر واجدعلی شاہ،چیئرمین ضلع کونسل ملک عمر علی اولکھ ،چیئرمین میونسپل کمیٹی حافظ محمد جمیل،سی ای او تعلیم خالدہ شاہین ،ڈی ایم او نے 80فی صد حاضری کی حامل طالبات میں خدمت کارڈ تقسیم کیے۔