لاہور (مانیٹرننگ ڈیسک) وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ میرا نصب العین دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے اور اس مقصد کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔
سٹی 42 ٹی وی کے مطابق وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں الابراج گروپ کی ہیلتھ فنڈ امپیکٹ کمیٹی کے چیئرمین سر ڈیوڈ نکلسن کی قیادت میں وفد نے شرکت کی۔
اس موقع پر الابراج گروپ نے پنجاب حکومت کے ساتھ ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری، ڈاکٹروں و نرسوں کی تربیت، استعداد کار میں اضافے اور امراض کی تشخیص کیلئے خدمات کی فراہمی کے حوالے سے تعاون پر اتفاق کیا۔ الابراج گروپ اور پنجاب حکومت کی مشترکہ کمیٹی مستقبل کے لائحہ عمل پر فوری عملدرآمد کے حوالے سے حتمی سفارشات اگلے چند روز میں پیش کرے گی۔
اجلاس سےخطاب کرتےہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کیلئے بغیر وقت ضائع کئے فوری اقدامات کرنا ہو ں گے۔
انہوں نے کہا کہ علاج معالجے کی خدمات کو خوب سے خوب تر بنانا میرا مشن ہے ۔ اس مقصد کیلئے الابراج گروپ کی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ میرا اور میری حکومت کا نصب العین دکھی انسانیت کی خدمت ہے۔اس مقصد کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں ، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت وقت کا تقاضا ہے ۔ اس ضمن میں الابراج گروپ کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں ۔
اجلاس میں ماہرین، صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ حکام اور طبی ماہرین بھی شریک تھے ۔
source..
http://city42.tv/top-stories/2017/03/12/my-goal-is-to-serve-humanity-shahbaz-sharif/