لیہ( صبح پا کستان ) جمعیت علماء پاکستان ضلع لیہ کی مجلس عاملہ کا اجلاس زیر صدارت ملک فضل حسین ایڈووکیٹ منعقد ہوا اجلاس میں تنظیمی امور کے علاوہ دیگر امور پر تفصیلی غورخوض کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ جمعیت علماء پاکستان کو فعال اور منظم بنانے کیلئے علماؤ مشائخ ودیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ رابطہ مہم شروع کی جائے گی اور دوستوں میں تناؤ کی صورتحال کو ختم کر کے قربت کے عمل کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ۔آئندہ تمام فیصلے مشاورت کے ساتھ کرنے اور یونین کونسل سطح تک جے یو پی کے یونٹس بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔جنرل سیکرٹری قاری الطاف حسین نورانی ،مولانا عبدالعزیز طاہر،حاجی محمد صدیق رحمانی،قاری محمد سلیمان باروی ،محمد ظفر اقبال لوہانچ اور محمد عثمان رحمانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء پاکستان ہی واحد سیاسی جماعت ہے جو پاکستان کو خالصتاً اسلام کاگہوارہ بنانے ،نظام مصطفی ؐ کے نفاذ اور مقام مصطفی ؐ کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہے ۔اجلاس میں ایک قرار داد کے ذریعے پر خطر حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ دہشت گردی کے نیٹ ور ک کو مکمل ختم کرنے کیلئے دہشت گردی کے واقعات میں ملوث افراد اور انکے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے پاک فوج کے آپریشن ردالفساد کو آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک جاری رکھنے پر بھی زور دیا گیا ۔ایک اور قراردا د میں حکومت سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ ایسے دینی مدارس جو دہشت گردی کے واقعات میں ملوث اور کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے ۔