لیہ(صبح پا کستان)دور رس نتائج کے حامل 14ارب 86کروڑ روپے کی لاگت سے 10میگا پراجیکٹس کی بروقت تکمیل سے ضلع لیہ میں سماجی سہولیات کی بھر پور فراہمی کی جانب اہم سنگ میل ثابت ہوگا اس لیے متعلقہ ادارئے مستعدی و لگن سے خدمات سرانجام دیں۔یہ بات صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ مہر اعجاز احمد اچلانہ نے ترقیاتی منصوبوں کے جائز ہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ موجود تھے۔اجلاس میں وائس چیئرمین ضلع کونسل مہر نور محبوب میلوانہ، اے ڈی سی فنانس منظور احمد خان چانڈیہ،سی ای او صحت ڈاکٹر امیر عبداللہ سامٹیہ،سی ای او تعلیم خالد ہ شاہین ،ایکسیئن بلڈنگ محمد ارشد، ایس ڈی او سجاد حسین ،اے ڈی ایل جی یوسف کلیم ،ایکسین انہارطارق عزیز،اے ڈی کالجز ساجد حسین ،ڈپٹی ڈائریکٹرواٹرمینجمنٹ رشید تنگوانی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران ڈی او پلاننگ عرفان انجم نے تجویز کردہ منصوبوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ تھل کینال ری ماڈلنگ 2ارب روپے کی لاگت سے ،ایم ایم روڈ کی توسیع 5ارب روپے کی لاگت سے ،بہادر سب کیمپس کی اپ گریڈیشن ایک ارب پچاس کروڑ کی لاگت سے ،لیہ تا نواں کوٹ ایک ارب 80کروڑ کی لاگت سے ،میڈیکل کالج کے قیام کا منصوبہ ایک ارب پچاس کروڑ کی لاگت سے ،اربن سیوریج سکیم لیہ سٹی ایک ارب 68کروڑ روپے کی لاگت سے ،فلڈ بند بھکر تا کروڑ 80کروڑ روپے کی لاگت سے ،کیڈٹ کالج کی تعمیر کا مجوزہ منصوبہ 45کروڑ کی لاگت سے ،بوائز ڈگری کالج لدھانہ کی تعمیر کا منصوبہ 45کروڑ روپے اور نشیبی علاقوں کی بحالی کے منصوبوں پر 68کروڑ روپے کی لاگت سے ایسے مجوزہ میگا پراجیکٹس شامل ہیں۔صوبائی وزیر نے کہاکہ ان میگا پراجیکٹس کی تجاویز اور فنڈز کی فراہمی حکومت پنجاب کا ضلع لیہ کی عوام کے لیے تعمیر و ترقی کے سلسلہ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے اور ان کی تکمیل سے ضلع لیہ ترقی یافتہ علاقوں کی صف میں شامل ہونے کی جانب بڑھے گا۔ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے اجلا س میں متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبو ں کی بروقت تکمیل ،شجرکاری کے فروغ اور صحت کی سہولیات کے لیے کسی قسم کی کوتاہی کیے بغیر مستعدی و لگن سے خدمات سرانجام دیں ورنہ قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔