ڈیرہ غازی خان ( صبح پا کستان) سرکاری محکموں میں تعینات نابینا افراد کا چار ماہ سے تنخواہوں کی عدم فراہمی پر مشرف چوک سے کچہری چوک تک ریلی ، ہاتھوں میں سفید چھڑی تھامے درجنوں ملازمین نے کچہری چوک پر دھرنا دیا اور شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن اور سپیشل ایجوکیشن سمیت محکمہ سوشل ویلفیئر میں کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز درجنوں نابینا ملازمین نے چار ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پرمشرف چوک سے ریلی نکالی اور کچہری چوک پر دھرنا دیا ہاتھوں میں سفید چھڑی تھامے ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے اور تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ۔احتجاج میں شریک بلائنڈ ایسوسی ایشن کے ڈویژنل صدر حافظ عبدالرزاق ، حافظ فیاض ، محمد اکرم ، جلیل احمد ، محمد عرفان ، عبدالصمد ، محمد رمضان ، غلام یسین ، امان اللہ شاہ ، غلام اسحاق ، محمد ارباب ، محمد عمران ، حافظ غلام مرتضی ، محمد عدنان ، عبدالکریم ، محمد زبیر ، غلام فرید محمد صدیق ، محمد سلیم ودیگر کا کہنا تھا کہ فرائض کی ادائیگی کے باوجود انھیں گذشتہ چار ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جارہی اور تنخواہیں نہ ملنے سے ان کے گھروں میں نوبت فاقوں تک آ پہنچی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم متعد بار ڈپٹی کمشنر اور مئیر میونسپل کارپوریشن کے پاس گئے مگر کوئی شنوائی نہ ہوئی انہوں نے کہا کہ جب ہم ڈی سی کے پاس گئے تو وہ کہتے ہیں کہ آپ نے مئیر کو منتخب کیا ہے آپ ان کے پاس جائے اور جب مئیر کے پاس جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ ہم بے اختیار ہیں آپ ڈی سی کے پاس جائے ہمارے 17ڈیلی ویجز ملازمین جبکہ آٹھ افراد ہمارے کنٹریکٹ ملازمین ہیں جن میں پانچ خواتین بھی شامل ہیں جنھیں گذشتہ چار ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں نابینا ملازمین نے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔