ڈیرہ غازی خان ( صبح پا کستان) شہر میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے میونسپل کارپوریشن کا سینٹیشن سٹاف اور مشینری یونین کونسلوں کے سپرد کرنے کا حکم، مئیر نے فوری عملدرآمد کے لئے ہدایات جاری کردیں۔کارپوریشن کی حدود میں آنیوالی17 یونین کونسلوں میں صفائی ستھرائی سے متعلق شکایات کے ازالے کیلئے شہری متعلقہ یوسی چیئرمینوں سے رابطہ کریں۔ مئیر کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ۔مزید تفصیلات کے مطابق مئیر کارپوریشن ڈی جی خان شاہد حمید چانڈیہ کی صدارت میں یوسی چیئرمینوں کا اجلاس میونسپل کارپوریشن کمپلیکس میں منعقد ہوا جسمیں ڈپٹی مئیر شیخ اسرار احمد، یونین کونسلوں کے چیئرمین، وائس چئیرمین، کارپوریشن اراکین میاں سلطان محمود ڈاہا، شیخ نقیب احمد، حاجی خدا بخش کھوسہ، ملک فہیم امجد، اسلم خان کھلول، سردار شیر باز خان بزدار، سردار ناظم الدین بزدار، ملک اللہ ڈتہ بھمبھانی، خالد بلال سکھانی، سرمد سلیم خوجہ، زاہدہ پروین قریشی، ثمینہ سرور،حافظ احمد حسن ایڈووکیٹ ،محمد اسلم خانزادہ، چوہدری ذکاء الدین گجرسمیت چیف آفیسر میونسپل کارپویشن خالد محمود قمر، میونسپل آفیسر سروسز یار محمد، چیف سینٹری انسپکٹر ملک عبدالرحمان نے شرکت کی،۔ میئر کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں یونین کونسلز کے چیئرمین صاحبان نے تجویز پیش کی کہ شہر میں صحت و صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے میونسپل کارپوریشن کا سینیٹیشن کا عملہ اور مشینری17 یونین کونسلوں میں تقسیم کردیا جائے۔ اجلاس میں موجود اراکین کی کثرتِ رائے اور مثبت تجاویز کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مئیر کارپوریشن شاہد حمید چانڈیہ نے سینیٹیشن سٹاف کی فوری طور پر متعلقہ یونین کونسلوں میں مساوی بنیاد پر تقسیم کرنے احکامات جاری کردئیے ہیں ۔ کارپوریشن کا سینیٹیشن سٹاف آج سے متعلقہ یونین کونسلوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین صاحبان کورپورٹ کریگا۔ میئر کارپویشن شاہد حمید چانڈیہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے بروقت مثبت اقدامات اٹھائے جائیں گے، سینٹیشن سٹاف یونیں کونسلوں کے سپرد کرنے بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انھوں نے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اور میونسپل آفیسر سروسز کو ہدایت کی کہ شہرکے چاروں بازاروں کی صفائی ایک سینیٹیشن سکواڈ مخصوص رکھا جائے ،عملہ صفائی ان بازاروں میں کام شفٹوں کی بنیاد پر کریں گے۔ انھوں نے شہریوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ شہری صفائی کے بارے شکایات کے ازالے کے لئے اپنی یونین کونسل کے چئیرمین، وائس چیئرمین اور یونین کونسل کے دفاتر سے رابطہ کریں۔