چوک اعظم(صبح پا کستان) منشی منظور مرحوم نے امن و محبت کے گیت لکھے ،وطن اور انسان سے محبت ان کی شاعری کا خاصاہے ۔ان خیالات کا اظہار پروفیسر منور بلوچ نے شاعر منشی منظور مرحوم کی یاد میں منعقدہ تقریب ’’رتجگہ ‘‘سے صدارتی خطاب کے دوران کیا ۔تقریب کا اہتمام سانول سنگت چوک اعظم نے پی ڈبلیو ایس،ہیلتھ اینڈ پیس فاؤنڈیشن،دیا ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ۔’’رتجگہ ‘‘کے نام سے منعقدہ تقریب کی صدارت پروفیسر منور بلوچ نے کی ،چیئرمین میونسپل کمیٹی ملک ریاض گرواں ،وائس چیئرمین لالہ اسلم گجر ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی ڈبلیو ایس محمد حیات سیال ،صوبائی امیدوار چوہدری اعجاز احمد گل مہمانان خصوصی ،جبکہ مہر مقبول ہراج محمد عمر شاکر ،اور ذیشان منظور مہمانان اعزاز تھے تقریب سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی ڈبلیو ایس محمد حیات سیال ،ڈائریکٹر گیریژن سکول مہر مقبول ہراج ،کالم نگارمحمد عمر شاکر ،نامور ادیب ندیم اختر ،سماجی کارکن ملک حبیب اللہ جوئیہ ،ذیشان منظور ،ڈاکٹر افضل ندیم سیال اور میزبان تقریب محمد صابر عطاء تھہیم نے بھی گفتگو کی۔
مقررین نے مرحوم منشی منظور کی ادبی و ثقافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بد امنی کے دور میں بھی امن کے گیت لکھے اور ڈوبتی انسانی قدروں کے دور میں انسانی قدروں کے فروغ کے لیے عوام کو جگایا ۔انہوں نے کہاکہ ان کی شاعری میں ملکی ثقافت کے ساتھ ساتھ معاشرتی ناہمواریوں کو بھی نمایاں کیا گیا ہے ۔مقررین نے کہاکہ منشی منظور نے ضربِ عضب کے لیے سولو ترانہ ’’میرے وطن یہ عقیدتیں اور پیار تجھ پہ نثار کر دوں ‘‘لکھ کر ثابت کر دیا کہ وہ سچے اور کھرے محب الوطن تھے ۔اس موقع پر مقررین نے ان سے جڑی یادوں اور ملاقاتوں کو دوہرایا۔
بعد ازاں ضلع بھر کے گلوکاران ملک احمد حسن ساگر ،اسلم ساجد ،روشن عزیز نیازی ،عاشق مسیح ،اعجاز احمد ،غلام یٰسین غلام ،افتخار عطاء اللہ ،لیاقت علی ،بشیر چند ،علی حیدر نے منشی منظور مرحوم کے لکھے ہوئے گیت پیش کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ۔آخر میں صدر سانول سنگت چوک اعظم محمد صابر عطاء تھہیم نے مہمانان کا شکریہ ادا کیا ۔