کوٹ سلطان (صبح پا کستان) یونین کونسل کی عمارت کا تنازعہ، آزاد منتخب ہونے والے چیئر مین کو یونین کونسل کی عمارت نہ ملنے پر اراکین یونین کونسل کوٹ سلطان نے احتجاجا اجلاس سڑک پر بلالیا، انتظامیہ کے نارو سلو ک پر کڑی تنقید، مجھے اور اراکین کو آزاد منتخب ہونے کی سزا دی جارہی، چیئر مین سردار جانی خان تنگوانی کی میڈیا سے گفتگو۔انتظامیہ کے ناروا سلوک کے باعث شہر کا چیئر مین دربد ر ، مضافات کی یونین کونسلوں کے چیئر مینوں کو آزاد چیئر مین کے حلقہ میں دفاتر الاٹ کر دیئے گئے۔ قصبہ کوٹ سلطان میں یونین کونسل کی عمارت کا تنازعہ شدت اختیار کر گیا، یونین کونسل کی بلڈنگ نہ ملنے پر آزاد منتخب چیئر مین نے اراکین کا پہلا اجلاس سڑک پر بلاکر کارروائی شروع کردی۔ انتظامیہ نے شہر سے باہر نئی بننے والی یونین کونسلوں کی بلڈنگ ٹی ایم اے کے دفتر میں قائم کر دی جبکہ کوٹ سلطان سٹی کی ناکارہ بلڈنگ کو نہ مرمت کیا گیا اور نہ ہی مطالبہ کے باوجود نئی بلڈنگ چیئر مین کے حوالے کی گئی، آزاد منتخب چیئر مین سردار جانی خان تنگوانی نے اپنے شہر میں دیگر یونین کونسلوں کی دفاتر کے قیام جبکہ ان کو دفتر کی فراہمی نہ ہونے پر احتجاجا یونین کونسل کا پہلااجلاس لیہ کوٹ ادو شاہرہ پر بلا کر کارروائی شروع کردی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین جانی خان تنگوانی نے کہا کہ ہمیں بلدیاتی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کے مقابلے میں آزا د منتخب ہونے ہونے کی سزا دی جارہی ہے ، لیگی کارکنان ہمارے مینڈیٹ کو دبانا چاہتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں نیا دفتر الاٹ نہ کیا تو ہم عوام کے مسائل سڑکوں پر ہی حل کرینگے اور تمام اجلاس سڑکوں پر چار سال جاری رکھیں گے ۔شہریوں محمد اشرف، اقرا رالحسن، وقار احمد، محمد توصیف و دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد منتخب ہونے والے چیئر مین کو یونین کونسل کا دفتر الاٹ کرنے کی بجائے شہر سے باہر کی نئی بننے والے یونین کونسلوں کو دفاتر الاٹ کر دیئے گئے جو آزاد بلدیاتی ممبران کے مینڈیٹ کے ساتھ ہمارے شہریوں کے ساتھ نا انصافی ہے جس کا وزیر اعلی پنجاب نوٹس لیں۔