لیہ(صبح پا کستان)چیئرمین ضلع کونسل ملک عمر علی اولکھ کی زیر صدارت چیئر مین یونین کونسلز کا افتتاحی اجلاس ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوا ۔ اس موقع پر وائس چیئرمین نور محبوب میلوانہ ،جی اے آر ارشد احمد وٹو ،چیف آفیسر محمد حسین بنگش اور مردو خواتین چیئرمین یونین کونسلز نے شرکت کی۔چیئرمین ضلع کونسل ملک عمر علی اولکھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی نظام عوامی مسائل کے فوری حل کا بہترین پلیٹ فارم ہے ۔بلدیاتی نمائندے عوامی مسائل کے حل اور فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تکمیل میں بنیادی کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل کے تمام اراکین کو باعزت مقام دینے کے لیے حکومت پنجاب نے اختیارات مستقل کردیے ہیں اور فلاحی منصوبوں کے لیے بہت جلد فنڈز بھی مہیاکیے جائیں گے تاکہ بلدیاتی نمائندے عوام سے کیے گئے وعدئے تکمیل تک پہنچاسکیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی اسمبلی کو موثر انداز میں فعال رکھنے کے لیے فنڈز کی مساوی تقسیم کی جائے گی اور تمام امور باہمی مشاورت سے انجام دئیے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ سیلاب سے متاثرہ سڑکوں اور سرکاری سکولوں سمیت متاثرین کی بحالی اُن کی ترجیحات میں شامل ہیں اور اس سلسلہ میں بہت جلد حکومت پنجاب سے رابطہ کرکے وسائل حاصل کیے جائیں گے ۔وائس چیئرمین نور محبوب میلوانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کونسل کے تما م اراکین ہمارے لیے یکساں اہمیت کے حامل ہیں اور کسی سے امتیازی سلوک نہیں کیاجاے گا۔انہوں نے کہا کہ علاقہ اور عوام کی فلاح و بہبود اور لیہ کو مثالی ضلع بنانے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنایاجائے گا۔قبل ازیں ممبران ضلع کونسل نے اپنا تعارف کروایا اور درپیش مسائل سے چیئرمین ضلع کونسل کو آگاہ کیا ۔چیئرمین یونین کونسلز ارشد اسلم ایڈووکیٹ نے نشیبی علاقوں میں دریائی کٹاو کی نشاندہی اور اس کے سدباب کے سلسلہ میں قرارداد پیش کی جس پر چیئرمین ضلع کونسل نے اسے آئندہ اجلاس میں قانونی شکل دے کر ہال سے متفقہ طور پر منظور کروانے او ر صوبائی حکومت کو ارسال کرنے کی ہدایت کی ۔دریں اثناء وطن عزیز کی سلامتی کے لیے دعاکی گئی اور امن کے قیام کے لیے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔