چوک اعظم(صبح پا کستان) ڈویژن ڈیرہ غازی خان میں بلدیہ چوک اعظم کی خوبصورت عمارت خستہ حالی کا شکار ہو گئی،چھتیں ٹپکنے لگیں،جناح ہال کباڑ خانے میں تبدیل،وائرنگ اکھڑ گئی۔سیویج سسٹم تباہ،دفتر کے عقب میں پانی کے جوہڑ۔تفصیل کے مطابق میونسپل کمیٹی چوک اعظم کی عمارت جو کہ فن تعمیر کے حوالے سے ڈویژن ڈیرہ غازی خان میں اپنا ثانی نہیں رکھتی تھی۔2001ء میں لوکل گورنمنٹ کے نئے نظام ”ٹی ایم اے“کی تحویل میں آنے کے بعدچوک اعظم کی با ختیار ٹاؤن کمیٹی جہاں مالی طور خسارے میں جا کر ٹی ایم اے لیہ کی محتاج ہو گئی وہاں پر اس کی عمارت کی مرمت سے بھی لاپرواہی برتی گئی۔اس عمارت کی حالت اب یہ ہے کہ خستہ حالی کی وجہ سے اس کی چھتیں جگہ جگہ سے ٹپکتی رہتی ہیں۔اس کے واش رومز گندگی سے اٹے ہوئے ہیں۔جناح حال کا براحال ہے۔اس میں فنیچر ختم ہو چکا ہے اور اس میں رمضان بازار کا سامان رکھ کر اسے کباڑ خانے میں بدل دیا گیاہے۔
عمارت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے اس کی ٹائیلیں اکھڑ چکی ہیں۔عمارت کی وائرنگ خطر ناک حالت میں موجود ہے بلدیہ کی عمارت میں نادرا کا دفتر بھی قائم ہے اور چیف آفیسر کے کمرے کے باہر وائرنگ ننگی ہوئی ہے۔اکثر اوقات وہاں بچے اور خواتین موجود ہوتے ہئیں جن کو بجلی کی شارٹ لگنے کا خطرہ رہتا ہے۔جناح حال کے عقب میں سیوریج سسٹم کی تباہی کی وجہ سے پانی کا اخراج ماحول کو متعف ن کرنے کے ساتھ ساتھ دیواروں کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے شہریوں روشن عزیز نیازی،آفتاب وینس،شاہد سرور،اسلام مغل،ڈاکٹر اکبر،محمد اجمل سندھو،ڈاکٹر شہزاد علی رضا اور دیگر نے وزیر اعلیٰ پنجاب،کمشنر ڈیرہ غازی خان،صوبائی وزیر مہر اعجاز احمد اچلانہ،ایم پی اے قیصر عباس خان مگسی ستے نوٹس لینے اور عمارت کی بہتری کے لیے مطالبہ کیا ہے۔