کوٹ سلطان (صبح پا کستان) کروڑوں روپے سے تعمیر ہونے والا گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سہولیات سے خالی، عملہ غائب ہونے کے باعث طالبات بھی گھروں میں بیٹھ گئیں،کلرک بادشاہ سرکاری فنڈز سے کھیلنے لگا، طالبات کے آئے پیف سکالر شپ بھی ہڑپ کر لئے گئے ۔شہریوں کا وزیر اعلی سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔2011میں ممبر قومی اسمبلی سید ثقلین شاہ بخاری کے گھر پیر جگی شریف میں سابق ایم پی اے سید اقبال شاہ کے نام پر بننے والا گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تاحال سہولیات سے خالی ہے، کالج میں نہ تو بجلی ہے نہ پانی کی سہولت اور نہ ہی سیکورٹی کا کوئی خاطر خواہ انتظام موجود ہے۔8کروڑ روپے مالیت سے بنا گرلز ڈگری کالج صرف عمارت کی حد تک محدود ہے۔ کالج میں تعینات پرنسپل سمیت لیکچراربھی کالج میں آنے کو کتراتی ہیں۔ سٹاف کی عدم موجودگی کے باعث کالج میں داخل طالبات بھی گھروں کو بیٹھ چکی ہیں ۔ کالج میں تعینات کلرک کالج چلانے لگے ہیں جو طالبات کے آئے پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ کے فنڈز کی رقم بھی غبن کر چکے ہیں۔ اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ کالج کو فعال کیا جائے کیونکہ پیر جگی سے لیہ کا سفر چالیس کلومیٹر ہے جس کے باعث ہماری بچیاں دیگر شہروں میں بھی جانے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے خادم اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ایم این اے ثقلین شاہ کے گھر میں بنائے گئے کالج کی صورتحال کا نوٹس لیا جائے۔