لیہ (صبح پا کستان ) ملک بھر کی طرح ضلع لیہ میں بھی سفید چھڑی کا عالمی دن منایاگیااس سلسلہ میں تقریب سپیشل ایجوکیشن سکول میں منعقد ہوئی تقریب کے مہمان خصوصی ڈسٹر کٹ آفیسر کوارڈی نیشن محبوب احمد تھے ۔تقریب میں ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر نثار احمد خان ،پرنسپل محمد اسلم سہو،ڈی ڈی او سوشل ویلفئیر رانااحمد نواز، اساتذہ او ر سپیشل بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ڈی او سی محبوب احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ہم ان کی تعلیم و تربیت کرکے انہیں معاشرے میں باعزت مقام دلا سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا حکومت پنجاب سپیشل بچوں کی تعلیم وتربیت پر بھر پور توجہ دے رہی ہے اور ان کے لیے وظائف مقررکیے گئے ہیں انہوں نے کہا معذور اور نابینا افراد کے لیے حکومت پنجاب نے سرکاری ملازمتوں میں تین فی صد کوٹہ مختص کیا ہے اور بہت سے اداروں میں تعلیم یافتہ سپیشل افراد کو میرٹ پر ملازمتیں فراہم کی جارہی ہیں انہو ں نے کہا ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرئے میں معذور اور نابینا افراد کے حقوق و رہنمائی کا شعور اجاگر کیاجائے انہوں نے کہا کہ سفید چھڑی کا عالمی دن منانے کا مقصد یہ احساس پیدا کرنا ہے کہ نابینا افراد ہمارئے معاشرئے کا حصہ ہیں جن کے مساوی حقوق ہیں ۔قبل ازیں نابینا طلبا ء نے تلاوت ،نعت خوانی اور ملی نغمے پیش کیے جبکہ سفید چھڑی کے عالمی دن کی مناسبت سے واک کی گئی ۔ڈی آئی او نثار احمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا معذور اور نابینا بچے ٹیلنٹ میں کسی سے کم نہیں ہوتے ان کی مناسب تعلیم او ر تربیت سے ہم انہیں باعزت روز گار کے قابل بناسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ سپیشل بچوں کی کفالت کے لیے حکومت پنجاب عملی اقدامات اُٹھا رہی ہے اور ان کی رجسٹریشن کے بعد انہیں خدمت کارڈ اور تعلیمی اخراجات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے سپیشل ایجوکیشن ادارہ کے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا۔تقریب سے پرنسپل ایجوکیشن محمد اسلم سہونے خطاب کرتے ہوئے کہا کم وسائل اور ناکافی سہولیات کے باوجود سپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور ادارہ کی طالبہ نداشوکت نے ہشتم کے امتحان میں بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے ۔