پنجاب بھر میں 8اکتوبر کو نیشنل ڈیزاسٹر ڈے بھرپور طریقے سے منایا گیا
بہاول پور ( صبح پا کستان ) پنجاب بھر میں 8اکتوبر کو نیشنل ڈیزاسٹر ڈے بھرپور طریقے سے منایا گیا۔اس سلسلہ میں پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122بہاول پور ریجن میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ریسکیو1122ڈویژنل ہیڈ کوارٹر بہاول پور میں نیشنل ڈیزاسٹر ڈے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر ملک آصف رحیم چنڑ کی قیادت میں واک کا اہتمام کیا گیا جس میں ریسکیو 1122کے افسران وریسکیورز اور دیگر مددگار عملہ نے شرکت کی۔واک کے اختتام پر ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر آصف رحیم چنڑ نے ریسکیورز سے خطاب میں کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو چھوٹے بڑے حادثات سے نبردآزما ہونے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام ریسکیورز اپنی گاڑیوں اورآلات کو فنکشنل رکھیں۔اسی طرح رابطے کے نمبروں کی فہرست کو بھی از سر نوقبل از وقت ترتیب دیا جائے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لئے کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژنل ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122ہر قسم کے حادثات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔اس موقع پر انہوں نے 8اکتوبر 2005ء کے زلزلہ میں لقمہ اجل بننے والے افراد کے لئے بھی دعا کرائی۔بعد ازاں ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر ملک آصف رحیم چنڑ کی زیر صدارت گورنمنٹ ویمن کالج سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔اسی طرح ریسکیو ٹیموں نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی سمیت دیگر اہم تعلیمی اداروں میں ڈیزاسٹر ڈے کے حوالہ سے لیکچرز دیئے۔