محکمہ اوقاف کے پٹہ داران کا احتجاجی دھرنا جاری
لیہ(صبح پا کستان)زرعی زمینوں کے ٹھیکوں کی رقم بڑھانے پر محکمہ اوقاف کے پٹہ داران کا دوسرے روز بھی احتجاجی دھرنا جاری رہا ،متروکہ وقف املاک کے دفتر کے باہر سینکڑوں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور سابقہ لیز کے مطابق الاٹمنٹ میں توسیع کا مطالبہ کیا ۔مطالبات کی منظوری کیلئے مظاہرین کڑی دھوپ میں تپتی سڑک پرلیٹ کر احتجاجی صدائیں بلند کر تے رہے اور مطالبہ کیا کہ وہ محکمہ اوقاف کے پٹہ داران ہیں ،جنہوں نے سال ہا سال کی محنت سے خون پسینہ بہا کرمحکمہ اوقاف کی بنجر زمینوں کو قابل کاشت بنا یا ،پھل کھا نے کا مرحلہ آیا تو محکمہ نے زمینوں کی دو بارہ آلاٹمنٹ کیلئے ریٹس میں اضافے پر نئی پالیسی جاری کر دی ۔مظاہرین نے میونسپل کمیٹی روڈ بلاک کر کے اپنے حقوق کے لئے سینہ کوبی کی اور چیئر مین محکمہ اوقاف کے خلاف شدید نعرے بازی کر تے ہو ے آ فیسر کی تبد یلی کا مطالبہ کیا۔ سابق ایم این اے ملک نیاز جکھڑ نے مظاہرین سے اظہار یکجہتی کیلئے دھرنے میں شرکت کی اور مطالبات کی حمایت کا اعلان کیا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ایم این اے ملک نیاز جکھڑ نے کہا کہ حکومت مزدوروں ، کسانوں کے منہ سے روٹی کے نوالے چھین کر امیر زادوں کے منہ میں ڈال رہی ہے جو کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ۔ا نہوں نے مطالبہ کیا کہ زمینوں کی الاٹ منٹ میں 5سے 10فی صدتک اضافہ تو سمجھ میں آتا ہے مگر کئی گنا اضافہ مزدوروں کے ساتھ ظلم ہے۔ چیئر مین محکمہ اوقاف املاک حاجی بازو خان ، صدر چوہدری طارق باجوہ جنرل سیکرٹری غلام سرور ہانس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوبارہ میں تو خادم اعلی کے بیٹے کو ننانوے سال کے لئے آٹے میں نمک کے برابر پرزمین پٹہ الاٹ کر دی ہے مگر غریب مزدوروں کے ساتھ زیادتی کرتے ہوئے ہر سال ان پر ظلم کیا جارہا ہے جس کیخلاف ہر فورم پر احتجاج کریں گے۔ مظاہرین نے محکمہ اوقات کی زمینوں کے ٹھیکو ں کی الاٹمنٹ 1974کی پالیسی کے مطابق بحال نہ کئے جا نے پراحتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ ۔ مہر سرفراز واندر پریس رپورٹر