ڈیرہ غازی خان/ لیہ ( صبح پا کستان) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات پر ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان محمد اظہر اکرم کا کمشنر اشفاق احمد چوہدری کے ہمراہ محرم الحرام کے حوالے سےضلع لیہ کا خصوصی دورہ۔ امام بارگاہوں، مجالس، جلوسوں کے روٹس اور ٹربل سپاٹس کے وزٹ، سکیورٹی اقدامات اور تمام تر انتظامات کا جائزہ۔ امام بارگاہوں، مجالس و جلوسوں کے منتظمین اور ممبران امن کمیٹی سے ملاقات، تمام مکاتب فکر کے تعاون سے امن و امان کی فضاء قائم رکھنے کی ہدایت، اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کر کے ضلع بھر میں کیے گئے سکیورٹی اقدامات اور تمام تر انتظامات کا جائزہ۔ تفصیلات کے مطابق آر پی او ڈیرہ غازی خان محمد اظہر اکرم نے کمشنر اشفاق احمد چوہدری کے ہمراہ محرم الحرام کے حوالے سے ضلع لیہ کا خصوصی دورہ کیا۔ آر پی او اور کمشنر نے لیہ سٹی میں امام بارگاہوں اور مرکزی جلوسوں کے روٹس کا وزٹ کر کے سکیورٹی اقدامات، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور تمام تر انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈی پی او لیہ حسن جاوید بھٹی، ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے روٹس پر کئے گئے سکیورٹی اقدامات و تمام تر انتظامات بارے بریف کیا۔ آر پی او اور کمشنر نے روٹس وزٹ کے دوران امام بارگاہ حسینیہ لیہ سٹی، جامع مسجد کرنال والی اور دیگر آستانوں کے سکیورٹی اقدامات کا خصوصی معائنہ کیا اور اس دوران امام بارگاہوں، مجالس، جلوسوں کے منتظمین اور ممبران امن کمیٹی سے بھی ملاقات کی۔ منتظمین نے پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہائی کرائی۔
آر پی او اور کمشنر نے محرم الحرام کے حوالے سے قائم کردہ خصوصی کنٹرول روم کا وزٹ کیا، جہاں انہوں نے تمام پروگراموں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے آن لائن مانیٹرنگ کا جائزہ لیا اور تمام محکمہ جات کے نمائندوں کو باہمی کو آرڈینیشن قائم رکھنے کی ہدایت کی۔ وزٹ کے دوران آر پی او اور کمشنر نے ممبران امن کمیٹی، پروگرام منتظمین اور مذہبی رہنماؤں سے خصوصی میٹنگ کا انعقاد کیا، مختلف مکاتب فکر کے اکابرین نے پہلے سے طے شدہ معاہدوں اور ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر آر پی او نے علمائے کرام اور ذاکرین پر زور دیا کہ اپنے خطابات میں مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور قیامِ امن کے فروغ کو ترجیح دیں اور مثبت کردار ادا کریں۔ وزٹ کے دوران آر پی او اور کمشنر کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد ہوا، اجلاس میں ڈی پی او ، ڈپٹی کمشنر سمیت تمام سکیورٹی اداروں اور
دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، روشنی، ہنگامی طبی سہولیات اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دینے اور بین المحکمانہ رابطہ مزید مؤثر بنانے اور سکیورٹی اداروں کو کسی بھی تنازع یا مسئلے کی بروقت نشاندہی اور فوری رپورٹنگ کی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر آر پی او محمد اظہر اکرم کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کے مطابق تمام اضلاع میں جا کر سکیورٹی انتظامات کا آن گراؤنڈ جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ آر پی او نے نے ہدایت کی کہ مجالس و جلوسوں کے روٹس کی مسلسل سکریننگ و سکیننگ، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، تھری لئیر سکیورٹی اور جامع تلاشی کو یقینی بنایا جائے جبکہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ کمشنر اشفاق احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران پرامن ماحول برقرار رکھنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے، افسران اور اہلکار باہمی تعاون اور ٹیم ورک کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس اور مجالس کے مقامات پر بہترین میونسپل سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، عزاداروں کے لیے سبیلوں کا مناسب انتظام کیا جائے جبکہ صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس اور دیگر بنیادی سہولیات ہر صورت مہیا کی جائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔







