اسلام آباد(صبح پا کستان)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے نام پر کسی صورت حرف آنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
روزنامہ جنگ کے مطابق محسن نقوی کی زیرِ صدارت اہم اجلاس میں ایف آئی اے کے امیگریشن ونگ کی کارکردگی اور غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے جاری مہم کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پیشہ ور بھکاری مافیا کے خلاف کارروائیوں پر بھی غور کیا گیا جبکہ وزیر داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن میں ملوث مافیا کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی جاری رکھنے کے احکامات دیئے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایئرپورٹس پر امیگریشن چیکنگ کے نظام کو مؤثر بنایا جائے اور ایئر پورٹس پر سفری دستاویزات کی سخت سکریننگ کی جائے۔










