ڈیرہ غازیخان ( صبح پا کستان): کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کوٹ ادو کی غریب فیملی کے ہونہار طالب علم محمد توقیر کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا بھی اعلان کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اخراجات میں مشکلات پیش آنے پر محمد توقیر ان سے اور ایم پی اے محمد حنیف سے بلا جھجک رابطہ کرسکتے ہیں۔قبل ازیں کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر اور ایم پی اے محمد حنیف پتافی کی طرف سے محمد توقیر کو 50 ہزار روپے نقد کیش ایوارڈ بھی دیا گیا ہے۔کمشنر نے بتایا کہ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول یارے والا کے طالب علم محمد توقیر نے ڈویژنل انیشیٹو کے تحت اردو مضمون نویسی کے ایلیمنٹری مقابلہ میں ڈویژن بھر کے طلباء میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ کمشنر نے کہاکہ نامساعد حالات بھی تعلیم اور ذہانت میں حائل نہیں ہوسکتے جس کا عملی نمونہ محمد توقیر ہے۔ڈویژنل تقریب تقسیم ایوارڈ میں ہونہار طالب علم محمد توقیر شاید اپنا بہترین لباس زیب تن کرکے شریک ہوا لیکن اس کے پاس صرف ربڑ کی پرانی سوفٹی اور پرانا لباس تھا۔والد سعید احمد نے بھی پرانی سوفٹی چپل پہنی ہوئی تھی۔