ڈیرہ غازیخان ) صبح پا کستان) کمشنر سارہ اسلم نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ معیاد کے اندر تکمیل کےلئے باقاعدہ ٹائم لائنز مقرر کرکے افسران کو فیلڈ میں پابند کیا جائے تاکہ مٹیریل کے معیار کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے یہ بات چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی موجودہ لہر زیادہ خطرناک ہے،پہلے کی نسبت زیادہ کورونا ایس او پیز پر عملد کرایا جائے ۔ وزیر اعلی پنجاب کی خدمت آپ کی دہلیز پر مہم میں تمام محکمے باہمی رابطہ کی مثالی فضا قائم کرتے ہوئے اہداف پورے کریں فرضی اعداد و شماراور بوگس سرگرمیوں کے اندراج کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ ڈپٹی کمشنرز تمام معاملات کو خود دیکھیں ۔ کمشنر ڈیرہ غازی خان سارہ اسلم نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی کی شجرکاری مہم کو کامیاب کرنے کےلئے معاشرہ کے ہر طبقہ کو شامل کیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ پودے لگانا مقصد نہیں بلکہ بہتر دیکھ بھال کرکے انہیں تن آور درخت بنایا جائے ۔ کمشنر نے کہا کہ غریب عوام کے معاشی مفادات کا تحفظ کیا جائے ۔ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے ۔ سرکاری نرخنامے دکانوں میں نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کے ساتھ مقررہ نرخ پر اشیاء خوردونوش کی دستیابی یقینی بنائی جائے ۔ چاروں اضلاع میں انسداد ڈینگی مہم کو تیز کیا جائے ۔ ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کے ساتھ ٹیموں کی بھی نگرانی کی جائے ۔ ڈینگی لاروا کی پرورش گاہوں کی تلفی ضروری ہے جس کےلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن سارہ اسلم نے کہا ہے کہ سرکاری واجبات کی سو فیصد وصولی کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔ ریونیو ریکوری میں ناکامی پر افسران کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے ۔ سرکاری واجبات کی وصولی کےلئے نادہندگان کی جائیداد قرقی اور ضرورت پڑنے پر گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جاسکتی ہیں ۔ کمشنر سارہ اسلم نے ہدایات جاری کیں کہ زیر التواء انکوائریز اور جوڈیشل کیسز جلد نمٹائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو وراثتی جائیداد سے محروم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ ریونیو افسران وراثتی جائیداد کی منتقلی کے وقت ضروری جانچ پڑتال یقینی بنائیں ۔ وراثتی انتقال میں ریونیو افسران کی طرف سے غیر ضروری تاخیر بھی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ چاروں اضلاع کے اراضی ریکارڈ سنٹرز کے معاملات بھی مزید بہتر کئے جائیں ۔ اراضی ریکارڈ سنٹر میں سائلین کو عزت وتکریم کے ساتھ بٹھانے
کے ساتھ موسم کے مطابق پینے کے پانی اور دیگر سہولیات کا خاص خیال رکھا جائے ۔ کسی بھی افسر اور عملہ کے خلاف بدعنوانی اور سائل کے ساتھ نامناسب رویہ کی شکایت ثابت ہونے پر قانون کے تحت بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی ۔ کمشنر سارہ اسلم نے کہا کہ ہم سب کا مقصد عوامی مسائل حل کرکے انہیں سہولیات فراہم کرنا ہے،انہیں ڈیرہ غازی خان،راجنپور،مظفر گڑھ اور لیہ اضلاع میں ٹیم ورک کی ضرورت ہے ۔