لاہور۔ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے رفقا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں یوم عاشورعقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
شہدائے کربلا کی یاد میں ملک بھر میں یوم عاشور انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، اس موقع پر مختلف شہروں میں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہورہے ہیں، جن کی سیکیورٹی کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔
یوم عاشور کے موقع پر لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں سے بھی ماتمی جلوس برآمد ہورہے ہیں، لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں جس میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جلوس کی گزرگاہوں پر تعینات ہے۔
کراچی سمیت پورے صوبے میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے، اس کے علاوہ جلوس کے راستوں میں موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینہ ایرانیاں کھارادر پہنچے گا۔ جلوس کی گزرگاہوں پر منتظمین کی جانب سے پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں ہیں جب کہ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
اس کے علاوہ حیدرآباد، نواب شاہ، میرپور خاص، سکھر سمیت سندھ کے دیگر چھوٹے اور بڑے شہروں سے بھی ماتمی جلوس برآمد ہوں گے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوجائیں گے۔بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی یوم عاشور کی مناسبت سے ماتمی جلوس برا?مد ہورہے ہیں، جلوس کی سیکیورٹی کے پیش پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے