راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے کرم ایجنسی میں آپریشن کرتے ہوئے مزید 5 مغوی مزدور رہا کرالیے، موبائل ٹاور پر کام کرنے والے 16 میں سے 10 مزدور پہلے بازیاب ہوچکے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کرم کے علاقے میں اغوا کیے جانے والے مزدوروں کی بازیابی کے لیے آپریشن کیا، جس میں مزید پانچ مزدور رہا کرالیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کرم کے علاقے میں موبائل ٹاور پر کام کرنے والے 16 مزدور 26 جون کو اغوا کیے گئے تھے، مزدوروں کی بازیابی کے لیے سیکیورٹی فورسز نے مختلف جگہوں پر آپریشنز کیے۔ خفیہ اطلاعات پر کیے جانے والے ان آپریشنز کے دوران 27 جون کو 10 مزدور بازیاب کرائے گئے تھے اور ان 10 مزدوروں کے ساتھ ایک جاں بحق مزدور کا جسد خاکی بھی ملا تھا۔
اسی طرح 13 جولائی کو ہونے والے آپریشن میں 3 دہشت گرد مارے گئے تھے اور آپریشن میں کیپٹن باسط اور سپاہی حضرت بلال شہید ہوئے تھے اور اب بقیہ پانچ مزدوروں کو بھی بازیاب کرالیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا اغواء کار دہشت گردوں اور ان کے ساتھیوں کو پکڑنے کے لیے آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز بےگناہ اور معصوم شہریوں کی حفاظت کے لیے کوشاں ہیں، دہشت گردی کی جنگ میں فورسز کا بھرپور ساتھ دینے والی عوام کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔