لاہور ۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی والدہ کی نماز جنازہ ثمر باغ ضلع دیر پائین میں ادا کر دی گئی ۔سراج الحق نے اپنی والدہ کی نماز خود جنازہ پڑھائی ۔نماز جنازہ ثمر باغ اسٹیڈیم میں ادا کی گئی ، موسم کی خرابی کے باوجود نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت ۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی والدہ گذشتہ شب انتقال کر گئی تھیں وہ کچھ عرصہ سے دل کے عارضہ میں مبتلا اور پشاور کے ہسپتال میں زیر علاج رہیں۔ نماز جنازہ میں نائب جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، امیر جماعت اسلامی صوبہ کے پی کے سینیٹر مشتاق احمد خان ، ایم این اے مولانا عبد اکبر چترالی ، چیف خطیب کے پی کے مولانا اسماعیل ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی محمد اصغر ، ساجد انور ، سابق ایم این اے مولانا عبد المالک ڈاکٹر عطا الرحمان سمیت سیاسی جماعتوں کی قیادت ، سماجی رہنماؤں علماء اکرام ، صحافیوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔نماز جنازہ کے بعد مرحومہ کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔
والدہ کے انتقال پر سینیٹر سراج الحق سے صدر پاکستان عارف علوی ،مولانا فضل الرحمن ،طاہر القادری ،بابر اعوان ،عامر خان نے فون کرکے امیر جماعت اسلامی سے افسوس ا ور تعزیت کا اظہار کیا۔ملک بھر سے سیاسی ،مذہبی و سماجی حلقوں کی جانب سے اظہار افسوس کیا گیا۔ سراج الحق نے اس موقع پر تعزیت کرنے والے دوستوں کا اور شرکاءکا شکریہ ادا کرتے ہوئے پوری قوم سے والدہ کے لیے دعاوں کی درخواست کی ہے۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق 19 نومبر کو اسلا م آباد میں میاں محمد اسلم کی رہائش گاہ پر 20 نومبر کو بعد نماز جمعہ مرکز اسلامی پشاور اور 23 نومبر کو منصورہ میں اظہار تعزیت اوردعا کے لیے آنے والوں سے ملاقات کریں گے ۔