لاہور۔دنیا بھر کے مسلمان آج اللہ کے آخری نبی حضرت محمدﷺکی ولاد ت کا جشن بھرپور مذہبی جوش و جذبے سے منا رہے ہیں۔گلی گلی حضورﷺ کی مدح سرائی کاسلسلہ جاری ہے، نماز فجر کے بعد چھوٹے بڑے شہروں میں عشق رسولﷺ کے اظہار کے لیے جلوس نکالے جائیں گے۔ حکومت کی جانب سے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے بعدیہ ہفتہ بطور ”ہفتہ عشق رسولﷺ“منانے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں مسلمان اسلامی کیلنڈر کے مطابق 12 ربیع الاول کو حضور ﷺکی ولادت کی مناسبت سے جشن عید میلاد النبیﷺ مناتے ہیں ۔ہر سال کی طرح اس سال بھی سرکاری و نجی عمارتوں ، مسجدوں کو برقی قمقموں سے سجادیاگیاہے۔کراچی، لاہو، ملتان، فیصل آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں محافل میلاد کا سلسلہ جاری ہے ۔عاشقان رسول ﷺاپنے محبوب کو ہدیہ عقیدت پیش کررہے ہیں۔نماز فجر کے بعد ملک بھر میں ریلیاں اور جلوس نکالے جائیں گے۔
12 ربیع الاول کا دن انتہائی عقیدت سے بھرا، دنیا میں محبت بانٹنے کاہے ،عمران اسماعیل
آقادوجہاں،رحمت للعالمین کی آمد کی خوشی میں ذکر مصطفی ﷺ کی محافل ہوں گی۔ ملک بھر میں لنگرتقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا گیا۔اس سال ملک بھرمیں بھی جشن عید میلادالنبی اس عہد کی تجدیدکے ساتھ منائی جارہی ہے کہ تحفظ ناموس رسالت و ختم نبوت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ حکومت کی طرف سے جشن عید میلاد النبی کی مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے 12 ربیع الاول کی مناسبت سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
حکومت نے ملک بھر میں 12 ربیع الاول سے17 ربیع الاول تک ولادت حضرت محمد مصطفی رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت ہفتہ عشق رسول منانے کا فیصلہ کیا ہے۔حکومت کی جانب سے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے ردعمل میں ہفتہ عشق رسولﷺمنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ فرانس کی اس ناپاک حرکت نے عاشقان رسولﷺکا جذبہ مزید بڑھا دیا ہے۔ اسی لیے اس بار کے جشن ولادتﷺمیں زیادہ جوش و خروش دیکھنے کو مل رہا ہے۔