لیہ(صبح پا کستان)ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاء نے کہا ہے کہ سپیشل افراد ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہونی چاہیے۔انتظامیہ سپیشل افراد کے آنکھ اور کان ہیں۔انہوں نے یہ بات ایم سی ہال لیہ میں عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی کی سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئر مشتاق حسین، چیئرمین بیت المال مہر خالد تھند،سابق چیئرمین ایم سی حافظ جمیل احمد، میڈیا نمائندگان اور سپیشل پرسنز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سپیشل افراد صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں اور انہیں قومی دھارے میں شامل کر نے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے سپیشل پرسنز کی شکایت پر متعلقہ محکمہ کو شہر میں قائم غیر قانونی اور غیر ضروری سپیڈ بریکر اور ریمپ ختم کرنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئر مشتاق حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع لیہ میں 200 سپیشل پرسن کو 3 فی صد کوٹہ پر عمل کرتے ہوئے میرٹ پر ملازمت فراہم کی گئی ہیں۔تقریب سے سپیشل افراد محمد اشرف،شبانہ اشرف اور ضیاء الرحمن نے بھی اظہار خیال کیا اور سفید چھڑی کی اہمیت و افادیت بارے تمام طبقات کو آگہی دینے پر زور دیا۔تقریب میں سپیشل پرسن محمد سمیع اور ساتھیوں نے خاکے،آئٹم اور ملی نغمہ بھی پیش کیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاء نے سپیشل پرسنز میں غیر سرکاری سماجی تنظیموں کے تعاون سے سفید چھڑیاں اور حفظان صحت کی کٹس تقسیم کیں۔تقریب کے نظامت کے فرائض ایڈووکیٹ نزہت یاسمین نے انجام دئے۔