لیہ( صبح پا کستان )صوبائی پارلیمانی سیکرٹری مواصلات سردار شہاب الدین سیہڑ نے نشیب میں ترقی کے سفر کا آغاز کردیا۔بستی قاضی میں 2کروڑ 20لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیرہونے والے سیوریج ،سولنگ اور ڈرینج کے منصوبہ کا افتتاح کردیا۔
حلقہ میں 70کروڑ روپے کی لاگت سے 37کلومیٹرطویل کارپٹ روڈ اور راجن شاہ شاہ گرلز ڈگری کالج کی تعمیرجاری۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری سردار شہاب الدین سیہڑنے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی تعمیرو ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود اُن کی سیاست کا نصب العین ہے ۔حکومت پنجاب وزیر اعلی عثمان بزدار کی قیادت میں پسے ہوئے طبقات کو مساوی حقوق اور بنیادی ضروریات زندگی کی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ راجن شاہ گرلز ڈگری کالج کے قیام سے تعلیم گھر کی دہلیز پر میسر ہوگی اور ہماری بیٹیوں کو تعلیم کے لئے دوردراز کا سفر طے نہیں کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ حلقہ تھل اور نشیب کے علاقو ں میں سفر کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے پیش نظرکارپٹ سڑکوں کا جال بچھائیں گے تاکہ کاشتکار اپنی اجناس آسانی سے منڈیوں تک لے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ لسکانی والا سے گلریزہوٹل تک 70کروڑ روپے کی لاگت سے 37کلومیٹر طویل کارپٹ روڈ زیر تعمیرہے جس کا فیز lمکمل کرلیا گیا ہے اور بہت جلد فیزllبھی تعمیرکرلیاجائے گا۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیر سردار بہادر خان سیہڑ ،اے ڈی سی آر فیاض احمدندیم،قاضی طارق سلطان ،اے سی کروڑ محمدیاسررضوان،فیروز علی سواگ اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد موجودتھی