اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے جنسی زیادتی کے مجرموں کو سخت سزائیں دینے کیلیے قانون سازی کرنے کا مطالبہ کردیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں موٹروے واقعہ بھی زیربحث آیا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان نے جنسی زیادتی کے مجرموں کو سنگین سزائیں دینے کے لیے قانون سازی کا مطالبہ کردیا۔
ارکان نے کہا کہ جنسی درندوں کو سخت اور فوری سزائیں دینے لیے قانون سازی کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے بھی کہا کہ ایسے مجرم کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
اس سے قبل نجی ٹی وی دیئے گئے ایک انٹرویو میں وزیر اعظم یہ تجویز دے چکے ہیں کہ خواتین اور بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو سر عام پھانسی دینی چاہیے یا پھر انہیں جنسی صلاحیت سے ہی محروم کردینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ موٹر وے پر زیادتی کے واقعے نے پوری قوم کو ہلا دیا ہے۔ اس واقعے میں ملوث ایک ملزم ماضی میں گینگ ریپ میں ملوث رہ چکا ہے، اس طرح کے لوگوں سے نمٹنے کے لیے تازہ قانون سازی کی ضرورت ہے، میرے خیال میں تو انہیں چوک پر لٹکانا چاہیے۔ وہ حکومت میں آئے تھے تو ملک میں بڑھتے ہوئے جنسی جرائم کے تناظر میں وہ سرِعام پھانسی کے حق میں تھے تاہم انہیں مشورہ دیا گیا کہ ایسا کرنے سے عالمی ردعمل ہوسکتا ہے۔ میرے خیال میں قتل کی طرح قانون میں جنسی جرائم کی بھی درجہ بندی ہونی چاہیے اور زیادتی کے مجرموں کو جنسی طور پر ناکارہ بنا دیا جانا چاہیے۔