ڈیرہ غازی خان۔ پاکستان کی معروف کاروباری اور سماجی شخصیت سردار عبد الکریم خان کھوسہ نے پنجاب کے پسماندہ ضلع ڈیرہ غازی خان میں 250 بستروں پر مشتمل جدید ترین سہولتوں سے مزین غازی نیشنل ہسپتال بنا دیا ہے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور اگلے مہینے 14اگست کو اس جدید ہسپتال کا افتتاح کردیا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق روزنامہ”پاکستان "سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سردار عبد الکریم خان کھوسہ نے بتایا کہ انہوں نے ساری زندگی دیار غیر میں محنت کر کے پیسہ کمایا اور پھر اپنے پیارے ملک میں خدمت کے جذبے سے سرمایہ کاری کی ہے،پنجاب کے پسماندہ ترین ضلع ڈیرہ غازی خان جو وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا آبائی علاقہ بھی ہے وہاں پر بچوں کی تعلیم کے لئے جدید انجیئنرنگ یونیورسٹی ،سکول اور کالجز کے قیام کے بعد ڈیرہ غازی خان اور قرب جوار کے علاقوں میں رہنے والے افراد کو جدید ترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے "غازی نیشنل ہسپتال” کی تعمیر تیزی کے ساتھ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ 250بستروں پر مشتمل اس پرایئویٹ ہسپتال میں علاج معالجے کی وہ تمام سہولتیں اور جدید ترین مشینری میسر ہو گی جو کسی بھی بڑے شہر میں موجود ہے۔سردار عبدالکریم خان کھوسہ کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ قیام پاکستان کے روز 14 اگست کو اس ہسپتال کا افتتاح کردیا جائے ،یہ ہسپتال ڈیرہ غازی خان اور قرب و جوار کے علاقوں میں بسنے والے پاکستانیوں کے لئے ایک تحفہ ہے ۔