ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان):صوبائی وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب سردارعثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر صوبہ کے تمام 15ہزار پرائمری سکول اور 2400بی ایچ یوز سمیت یونیورسٹی، جیل، ٹیچنگ ہسپتال، ضلعی صدر ہسپتال، تحصیل صدر ہسپتال اور دیہی مراکز صحت کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کر دیا ہے اور اگلے سال جون تک تمام عمارتوں کو سولر پر منتقل کر دیا جائیگا. ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان کو مکمل طو رپر سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا. تین سو میگا واٹ بجلی کے حصول کیلئے دو کروڑ بائیس لاکھ روپے کی انوسٹمنٹ کی جا رہی ہے. ایک ہزار پینل نصب کر کے اوسطا روزانہ 1.4میگا واٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے.
انہوں نے یہ بات ٹیچنگ ہسپتال میں سولر پینل کے معائنہ اور متعلقہ افسران سے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی. اس موقع پر مشیر صحت محمد حنیف پتافی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک محمداقبال ثاقب، ملک منور ثاقب، پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف قریشی، ایم ایس ڈاکٹر شاہد حسین مگسی، ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر اختر عباس، ڈاکٹر خالد تحسین اوردیگر موجود تھے. صوبائی وزیر نے کہاکہ گزشتہ حکومتوں نے بجلی پورا کرنے کے صرف نعرے لگائے. کمیشن کمانے کیلئے ایل این جی اور دیگر پراجیکٹ لائے گئے. ایندھن اوردیگر مد میں کمیشن کمایا گیا اور قوم کو مہنگی بجلی دی گئی. انہوں نے کہاکہ متبادل انرجی سے عوام اور قوم کا سرمایہ بچے گا. انہوں نے بتایاکہ پاکستان میں سولر انرجی کا بڑا پوٹینشل ہے سال کے گیارہ ماہ سورج سے بجلی پیدا کی جاسکتی ہے اور یہ پراجیکٹ ملک کی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا. صوبائی وزیر توانائی نے کہاکہ وہ وزیر اعلی سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ڈیرہ غازیخان آئے ہیں اور سی ایم کی واضح ہدایات ہیں کہ سولر انرجی کے پراجیکٹ کو صوبہ بھر میں توسیع دی جائے. انہوں نے کہاکہ صوبہ کے پندرہ ہزار پرائمری سکولوں میں سے سات ہزار سکولو ں کو سولر پرمنتقل کر چکے ہیں 11800سکول اس سال نومبر تک اور باقی اگلے سال جون تک منتقل کرنے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے انہوں نے کہاکہ سکول اوقات کے بعد اور چھٹیوں میں سولر پینل سے پیدا ہونے والی بجلی سنٹرل سسٹم کو فروخت کریں گے. انہوں نے کہاکہ سولر پینل پر منتقل ہونے سے اربوں روپے کی بچت ہو گی اور یہ رقم متعلقہ اداروں کا انفراسٹرکچر بہتر کرنے میں مدد کرے گی. صوبائی وزیر توانائی نے کہا کہ پنجاب حکومت بجلی کی مدمیں تیس ارب روپے واپڈا کو دیتی ہے سولر پینل پر منتقل ہونے سے یہ رقم عوامی فلاح و بہبود اور اداروں کی بہتری پرخرچ ہو سکے گی. انہوں نے کہا کہ کینال پر بھی سولر سسٹم لگایا جائے گا اس سے بخارات کے ذریعے پانی ضائع ہونے سے نجات ملے گی انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ملک میں تین دہائیوں سے رینیو ایبل پراجیکٹ پر کام نہیں ہو سکا او ر پاور سیکٹر کو نظر انداز کیاگیا. بنگلہ دیش، نیپال سمیت چھوٹے ملک ہم سے آگے نکل گئے.
دریں اثنا میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر توانائی نے وزیر اعلی سردار عثمان احمد خان بزدار کی تبدیلی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا سردار عثمان احمد خان بزدار پر مکمل اعتماد ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے پانچ سال پورے ہونے تک سردارعثمان احمد خان بزدار ہی وزیر اعلی پنجاب رہیں گے. انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ پاکستان تحریک انصاف میں کسی کو لیڈر شپ پر بداعتمادی نہیں ہے. ذاتی اختلافات ہو سکتے ہیں جس کیلئے پارلیمانی کمیٹی مسائل سنتی ہے. انہوں نے کہاکہ اپوزیشن رہنما ملک چھوڑ کر بھاگ گئے اوراپوزیشن اپنی جگہ ڈھونڈ رہی ہے. آنے والے وقت میں پاکستان تحریک انصاف میں حوصلہ افزا اضافہ ہو گاقبل ازیں صوبائی وزیر توانائی نے معائنہ کے دوران سولر پینل پر جمی مٹی دیکھ کر برہمی کااظہار کیا انہوں نے کمپنی کو زیادہ افرادی قوت لگا کر بوقت ضرورت سولر پینل کی صفائی کے احکامات جاری کیے. انہوں نے کہاکہ صفائی سے سولر پینل مزید بہتر کام کریں گے. انہوں نے مرکزی کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا اور ہدایات جاری کیں.
مشیر صحت محمد حنیف پتافی نے گزشتہ روز سردار دوست محمد خان کھوسہ کی پریس کانفرنس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف شعبہ صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے. زچہ بچہ کے نئے ہسپتال قائم ہونے کے ساتھ نشتر 2اوردیگر ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر کام کیا جارہاہے. ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں.