لاہور . جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف اتوارکےروز بھی لاہور ، پشاور سمیت کئی شہروں میں احتجاجی کیمپس جاری رہے اور جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت جنگ جیو کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری انتقامی ایجنڈا ہے ، چاہے جتنا ظلم ہو میر شکیل الرحمٰن کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے ، میر شکیل الرحمٰن کے خلاف نہ کوئی کیس ہےاور نہ ہی کوئی ایف آئی آر ہے ،وہ آزادی صحافت کے بڑے علمبردار ہیں ۔ کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق ہوم بیسڈ وومن ورکرز فیڈریشن کی جنرل سیکرٹری زہرہ خان نے کہا ہے کہ جنگ اور جیو نے ہمیشہ حق اور سچ کی بات کی ہے، حکومت چاہے جتنا ظلم کرلے وہ میرشکیل الرحمٰن کو جھکا نہیں سکے گی۔ تفصیلات کے مطابق اتوارکےروز بھی لاہور میں ڈیوس روڈ پر نیب کے ہاتھوں جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سینئر صحافیوں اور جنگ اور جیو گروپ کے کارکنوں اور ملازمین کے علاوہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کے خلاف نہ کوئی کیس ہےاور نہ ہی کوئی ایف آئی آر ہے ،وہ آزادی صحافت کے بڑے علمبردار ہیں کسی ڈکٹیٹر کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ انتقامی ایجنڈا ہے مگرمیر شکیل الرحمٰن کا تو ضمیر بھی اور دامن بھی صاف ہے۔ ان کی گرفتاری میڈیا ہاؤسز پر پابندی لگانے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن بغیر کسی جرم کے پابند سلاسل ہیں ،گرفتاری ناجائز ہے، فوری رہا کیا جائے۔ اس موقع پر میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کیلئے نعرہ بھی لگائے گئے۔پشاور کے صحافیوں نے بھی احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کو ریاستی جبر، آزادی صحافت پر حملہ اوربدترین انتقامی کارروائی قرار دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری،میڈیا پر پابندی اور صحافیوں کے معاشی قتل عام کے حکومتی اقدامات سے دنیا میں ملک کی بدنامی ہورہی ہے اور آزادی صحافت کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کئی درجے نیچے گرا ہے۔ پشاور میں جنگ گروپ کے دفاتر کے باہر احتجاجی مظاہرے میں جنگ، جیو اور دی نیوز سے وابستہ صحافیوں اور کارکنوں نے شرکت کی،مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر میر شکیل الرحمان کی گرفتاری، میڈیا پر پابندی اور صحافیوں کے معاشی قتل عام کے خلاف نعرے درج تھے۔ کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق ایک بیان میں ہوم بیسڈ وومن ورکرز فیڈریشن کی جنرل سیکرٹری زہرہ خان نے کہا ہے کہ جنگ اور جیو نے ہمیشہ حق اور سچ کی بات کی ہے، مزدوروں کے بنیادی حق کی بات کی ہے، ان کے ادارے میں موجود ٹریڈ یونینز اس بات کاثبوت ہیں کہ یہاں مزدوروں اور محنت کشوں کے حقوق سلب نہیں کئے جاتے کیونکہ جہاں یوینز نہیں ہوتیں ان اداروں میں کارکنوں کا نہ صر ف معاشی قتل عام ہوتا ہے کہ بلکہ ان اداروں کے ملازمین پر ظلم کے پہاڑ توڑے جاتے ہیں جس کی وجہ سے ملازمین کے ساتھ ساتھ مالکان بھی نہیں پنپتے، جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میرشکیل کوگرفتار کرکے حق اور سچ کی سزا دی جارہی ہے لیکن ہمیں امید ہے کہ حکومت چاہے جتنا ظلم کرلے وہ جنگ اور جیوکے ایڈیٹر انچیف میرشکیل الرحمٰن کو جھکا نہیں سکے گی۔