لاہور ۔ پنجاب میں لاک ڈاون میں نرمی کا اطلاق آئندہ ہفتے کے آغاز سے ہوگا، کل صوبے بھر میں مارکیٹیں اور دکانیں نہیں کھلے گئیں۔
تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت کل لاک ڈاون میں نرمی کے حوالے سے مکمل ایس او پیز جاری کرے گی۔ وزیر اعظم کے اعلان کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو کاروبار نہیں ہوگا۔
زرائع کا بتانا ہے کہ لاہور میں لاک ڈاون کی نرمی کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں تمام اداروں کے سینئر حکام شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ کرونا کیسز رپورٹ ہوئے اس لیے شہر کے لیے خصوصی ایس او پیز تیار کئے جائینگے۔
واضح رہے وزیراعلیٰ کو بھجوائی گئی لسٹ کے مطابق شہر میں 54 چھوٹی مارکیٹوں کو کھولنے کی تجویز دی گئی ہے، بھجوائی گئی رپورٹ کے مطابق ایک جیسا کاروبار کرنے والی مارکیٹس کی تعداد چالیس اور بڑی مارکیٹ کی تعداد بیاسی ہے، ملا جلا کاروبار کرنے والی مارکیٹس کی تعداد چھیانوے ہے، شہر میں دو روز ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹیں مکمل بند ہوں گی، جبکہ پانچ روز ایس او پیز کے تحت کھلنے والی مارکیٹوں کو صبح فجر سے شام پانچ بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔
چھوٹی مارکیٹیں اور چھوٹی دکانیں صبح فجر سے شام 5 بجے تک کھلی رہیں گی، چھوٹی مارکیٹیں اور چھوٹی دکانیں ہفتے میں 2 دن بند رہیں گی۔ 2 دن بندش کا اطلاق پہلے سے کھولی گئی فارمیسی، میڈیکل سٹورز، دودھ دہی کی دکانوں، کریانہ سٹوروں، تندوروں، بیکریوں اور دیگر دکانوں پر نہیں ہوگا، کنسٹرکشن سے منسلک صنعتوں اور متعلقہ دکانوں کو کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں کل سے پائپ ملز، سرامکس، سینٹری ویئرز، پینٹس، الیکٹریکل کیبلز، سوئچ بورڈز، سٹیل، ایلومینیم کی صنعتوں اور دکانوں کو کام کرنے کی اجازت ہوگی۔