کراچی: انتظامیہ نے کورونا وائرس کے کیسز میں شدید اضافے کے باعث کراچی کے متعدد علاقے مکمل سیل کرنے کا حکم جاری کردیا۔
ضلع شرقی کے کئی علاقوں میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا جس کے باعث ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی نے متاثرہ علاقے مکمل سیل کرنے کے احکامات جاری کردیے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ میں دنیا کی سب سے زیادہ اوسط شرح سے کورونا کیسز سامنے آگئے، وزیراعلیٰ سندھ
سیل کئے جانے والے علاقوں میں یو سی 6 گیلانی ریلوے، یو سی 7 ڈالمیا، یو سی 8 جمالی کالونی، یو سی 9 گلشن 2، یوسی 10 پہلوان گوٹھ، یوسی 12 گلزار ہجری، یو سی13 صفورہ، یوسی14، فیصل کینٹ، یوسی2 منظور کالونی، یوسی 9 جیکب لائن، یو سی 10 جمشید کوارٹرز شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) شرقی نے رینجرزاورپولیس کو فوری طور پر مذکورہ علاقے مکمل طور پرسیل کرنےکا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں کسی بھی شخص کو نہ باہر جانے اور نہ اندر داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں دنیا کی سب سے زیادہ اوسط شرح سے کورونا کیسز سامنے آئے ہیں، یہ بات انتہائی تشویش ناک ہے۔