ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان) حکومت کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازیخان کے مستحقین اور لاک ڈاون میں بے روزگار ہونے والے دیہاڑی داروں میں تین ارب چونتیس کروڑ روپے سے زائد کی امدادی رقوم کی ترسیل شروع کر دی گئی ہے. محکمہ زکواۃ و عشر کے زیر اہتمام رجسٹرڈ مستحقین میں امداد کی دوسری قسط بھی جاری کر دی گئی ہے. بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت کفالت پروگرام اور ایمرجنسی کیش پروگرام میں امدادی رقوم کی ترسیل اسی ہفتے شروع کر دی جائے گی جس کیلئے ضلع میں 64کے قریب ریٹیلر اور دکانداروں کو اختیار دے دیاگیاہے. لاک ڈاون میں بے روزگار ہونے والے دیہاڑی داروں کی رجسٹریشن جاری ہے. یہ بات ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی جس میں مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی، ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق، پولیٹیکل اسسٹنٹ سید موسی رضا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیع اللہ فاروق، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ملک ظفر علی اور دیگر موجو دتھے.
مشیر وزیراعلی پنجاب محمد حنیف پتافی نے کہاکہ امدادی رقوم کی ترسیل کیلئے شفاف نظام وضع کیاگیاہے آن لائن معلومات ک ذریعے حقداروں تک امداد پہنچے گی. ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے بتایا کہ لاک ڈاون میں متاثر ہونے والوں کی فہرستیں آن لائن تیار کرنے کے ساتھ ضلعی انتظامیہ نے بھی 064-9260346 پر ہیلپ لائن متعارف کرادی ہے اور اہل شہریوں سے براہ راست درخواستیں بھی وصول کی جا رہی ہیں اجلاس میں بتایاگیاکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت تین کیٹیگریز کے حامل افراد کو بائیو میٹرک شناخت کے بعد مالی امداد دی جائے گی کفالت پروگرام کے تحت رجسٹرڈ 76000خاندانو ں میں دوہزارروپے کی بجائے تین ہزارروپے، کیش ایمرجنسی پروگرام میں مزید 78000خاندانو ں کو 12000روپے اور لاک ڈاون میں بے روزگار ہونے والے افرادکو بھی مالی امداد دی جائے گی. علاوہ ازیں محکمہ زکواۃ و عشر نے بھی مستحق افراد کیلئے ایک ارب 45کروڑ 24لاکھ روپے کے فنڈز جاری کردیئے ہیں.اجلاس میں دیگر امو رکا بھی جائزہ لیاگیا.