اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا مریض جاں بحق ہوگیا اور ملک بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 297 ہوگئی ہے۔
پاکستان میں جان لیوا کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ حکام کے مطابق ملک میں مزید 35 افراد کے ٹیسٹس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد کل تعداد 297 ہوگئی ہے۔ 4افراد صحت یاب ہوکر گھروں کو لوٹ گئے ہیں اور 268 مریض ملک کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں تاہم گلگت بلتستان کا رہائشی مریض دم توڑگیا۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے ملک میں پہلے کورونا وائرس کے مریض کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق ہونے والے مریض کا تعلق دیامر کے علاقے بنر سے تھا۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 208، پنجاب میں 33، خیبر پختون خوا میں 19، بلوچستان میں 16، اسلام آباد میں 7 اور گلگت بلتستان میں 13 ہے جب کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا ایک مریض سامنے آگیا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے ریاست میں کورونا مریض کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تفتان کے ذریعے ایران سے آئے ایک شہری میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
اسٹاک مارکیٹ کریش
کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر کے بازار حصص کی طرح پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بھی شدید مندی کا رجحان برقرار ہے۔ کاروباری ہفتے کے تیسرے روز مارکیٹ میں مندی کے بادل چھائے رہے اور 100 انڈیکس 2077 پوائنٹس کی کمی سے 32616 سے گرکر 30539 کی سطح پر آگیا۔100 انڈیکس 32616 سے گرکر 30539 کی سطح پر آگیا۔
مفت راشن تقسیم کا فیصلہ
کورونا وائرس کے پیش نظر سندھ حکومت نے خشک راشن خریدنے اورتقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 60 ہزارراشن بیگز تقسیم کیے جائیں گے۔
(ن) لیگ کورونا پر بھی دکان لگانے سے باز نہیں آئی، فردوس عاشق
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ (ن) لیگ کورونا جیسے حساس مسئلے پر بھی سیاسی دکان لگانے سے باز نہ آئی۔ فارن فنڈنگ کا واویلا مچانے کی بجائے فارن اکاؤنٹ رکھنے والی اور بیرون ملک بیٹھی اپنی قیادت کو پاکستان آنے کی اپیل کریں۔
پاکستان میں تشخیصی کٹ کی تیاری
جامعہ کراچی کے سائنسدانوں نے کورونا وائرس کو تشخیص کرنے والی کٹ کی تیاری شروع کردی ہے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرلوجی کورونا وائرس کی ڈائگنوسٹک کٹ تیارکررہاہے۔ یہ کٹ چینی سائنسدانوں کے تعاون سے تیارکی جارہی ہے۔
ڈائگنوسٹک کٹ کی تیاری میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے متعلقہ سائنسدانوں نے پہلے مرحلے میں کورونا وائرس کا ’’پوزیٹیووکنٹرول‘‘ حاصل کرلیاہے۔