اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم مان لیں وہ نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ ہیں انہیں گھر جانا پڑے گا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کے دوران چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پوری سیاست کسی آئی ایس آئی چیف کی مہربانی ہے اور جب سے یہ حکومت آئی ہے ہر طبقہ پریشان ہے، مہنگائی نے اس ملک کے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے، سب کو نظر آ رہا ہے جب حکومت آئی تب مہنگائی تھی مگر اب بہت بڑھ گئی ہے، حکومت کے آنے سے بے روزگاری بھی بہت بڑھ گئی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم کہتے تھے میں قرض نہیں لوں گا، قرض لیا تو خودکشی کرلوں گا، ہم خود کشی کا مطالبہ نہیں کرتے لیکن یہ تو مان لیں کہ آپ غلط تھے، عمران خان کہتے تھے جب مہنگائی ہوتی ہے تو حکمران کرپٹ ہوتا ہے لہذا اب وزیراعظم مان لیں کہ وہ نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ ہیں، آپ گھر جاؤ تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: دیکھتا ہوں آئندہ بلاول کیسے پارلیمنٹ میں غیر مہذب بات کرتے ہیں، مراد سعید
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے ڈیل پاکستان اور پاکستان کے عوام کے حق کے لیے اچھی نہیں، آئی ایم ایف ڈیل میں غیر حقیقی اہداف مقرر کیے گئے، حکومت مہنگائی، غربت، بیروزگاری کا مقابلہ کرنے کے لیے کیا کر رہی کوئی جواب نہیں، حفیظ پاشا کا کہنا ہے کہ 12 لاکھ نوکریوں سے محروم ہو چکے ہیں، آپ نے سب کچھ آئی ایم ایف کے حوالے کردیا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کے سیاسی یتیموں کا ٹولہ عمران حکومت کا حصہ ہے، اس ٹولے پر شہید بینظیر بھٹو کے بہت احسانات ہیں، کسی کو وزیر، کسی کو سینیٹر اور کسی کی خواتین کو ممبر اسمبلی بنایا لیکن وہ ہی سیاسی یتیم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بی بی کا نام ہٹانے میں مدد کررہے ہیں۔
یئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ وزیراعظم ہمارا قتل کرتا ہے پھر کہتا ہے کہ قبر میں سکون ملتا ہے، پاکستانی عوام اب تجربے برداشت نہیں کر سکتی، حکومت 50 ہزار یوٹیلٹی اسٹورز کا منصوبہ لا رہی ہے، اس منصوبے کا حال بھی 50 لاکھ گھروں کے منصوبے جیسا ہوگا جب کہ حکومت کو منی بجٹ لانے کی اجازت نہیں دیں گے۔